دہلی

وقف کمیٹی کو رپورٹ داخل کرنے مزید وقت دیا جائے: اپوزیشن

حکومت نے سرمائی اجلاس میں وقف ترمیمی بل کی پیشکشی اور منظوری کو پہلے ہی ایجنڈہ میں شامل کرلیا ہے۔ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ لوک سبھا میں پیش کئے جانے کے بعد اس پر غور کیا جائے گا اور منظوری دی جائے گی۔

نئی دہلی: اپوزیشن ارکان نے آج وقف ترمیمی بل پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی میعاد میں توسیع کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انہیں مسودہ قانون سازی میں ترمیمات کا مطالعہ کرنے مزید وقت درکار ہے۔ کمیٹی کے صدرنشین اور بی جے پی رکن جگدمبیکا پال نے اعلان کیا تھا کہ کمیٹی کی جمعرات کی میٹنگ آخری ہوگی اور جلد ہی مسودہ رپورٹ ارکان میں گشت کرائی جائے گی۔ اس کے نتیجہ میں اپوزیشن ارکان نے احتجاج شروع کردیا۔

متعلقہ خبریں
شادی کی عمر سے متعلق بل پر جائزہ کمیٹی کی میعاد میں 4 ماہ توسیع

انہوں نے نعرہ بازی کی۔ چند ارکان نے اسپیکر لوک سبھا اوم برلا کو فون کیا اور اس معاملہ میں مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا۔ لوک سبھا نے کمیٹی سے کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے پہلے ہفتہ کے آخری دن اپنی رپورٹ پیش کرے۔ اس سیشن کا آغاز پیر سے ہورہا ہے۔

حکومت نے سرمائی اجلاس میں وقف ترمیمی بل کی پیشکشی اور منظوری کو پہلے ہی ایجنڈہ میں شامل کرلیا ہے۔ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ لوک سبھا میں پیش کئے جانے کے بعد اس پر غور کیا جائے گا اور منظوری دی جائے گی۔

 ماضی میں بھی اپوزیشن نے پیانل کے صدرنشین جگدمبیکا پال پر جو بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیں‘ حکومت کی حمایت کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے پیانل کے کام سے علیحدہ ہوجانے کی بھی دھمکی دی تھی۔