تلنگانہ سیکریٹریٹ کے اطراف ڈرون پر مکمل پابندی، نو فلائنگ زون کا اعلان
کئی افراد نے ریمارکس دیے ہیں کہ "اگر کسی کو سابقہ حکومت کی ترقی نظر آتی ہے اور وہ اس پر بات کرتا ہے تو موجودہ حکومت اسے روکنے کی کوشش کیوں کر رہی ہے؟"
حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس حکومت نے بڑا فیصلہ لیتے ہوئے ریاستی سیکریٹریٹ اور اس کے اطراف کے علاقوں کو نو فلائنگ زون قرار دے دیا ہے۔ حکومت نے واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب سیکریٹریٹ کے اوپر یا اس کے اطراف ڈرون اڑانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں سیکریٹریٹ کے اطراف "نو فلائنگ زون” کے بورڈس نصب کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ چند دنوں سے بعض افراد ڈرون کے ذریعہ فضائی مناظر قید کرکے سوشیل میڈیا پر پوسٹ کر رہے تھے، اور ان ویڈیوز میں سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کے ترقیاتی نشانات و تعمیرات کو اجاگر کیا جا رہا تھا۔ ان ہی پوسٹس کے بعد کانگریس حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔
اس اقدام پر سیاسی حلقوں کے ساتھ ساتھ سوشیل میڈیا پر بھی شدید بحث جاری ہے۔ عوامی حلقوں میں یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا یہ جمہوری طرز حکمرانی ہے؟ نتیزنز کا کہنا ہے کہ سابقہ حکومت کی ترقی کو سراہنے والوں پر اس طرح کی پابندیاں لگانا دراصل عوام کی آواز کو دبانے کے مترادف ہے۔
کئی افراد نے ریمارکس دیے ہیں کہ "اگر کسی کو سابقہ حکومت کی ترقی نظر آتی ہے اور وہ اس پر بات کرتا ہے تو موجودہ حکومت اسے روکنے کی کوشش کیوں کر رہی ہے؟”
ریاستی سیاست میں اس فیصلے کے بعد ہلچل مچ گئی ہے، اور ریوَنت ریڈی حکومت پر اپوزیشن کے ساتھ ساتھ عوامی حلقوں سے بھی کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔