نارائن پیٹ میں ڈی جے کے استعمال پر مکمل پابندی، امن و امان کیلئے میلاد جلوس کی خصوصی تیاریاں
یہ اعلان ضلع ایس پی یوگیش گوتم نے ضلع ایس پی دفتر میں منعقدہ امن کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ان کے ہمراہ ایڈیشنل ایس پی جناب ریاض الحق، سرکل انسپکٹر شیواشنکر، اور ضلع کی میلاد کمیٹی کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔
حیدرآباد: نارائن پیٹ ضلع میں ڈی جے کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ عیدین اور میلاد جیسے موقعوں پر عوام پرامن طریقے سے تقریبات منائیں اور ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کریں۔
یہ اعلان ضلع ایس پی یوگیش گوتم نے ضلع ایس پی دفتر میں منعقدہ امن کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ان کے ہمراہ ایڈیشنل ایس پی جناب ریاض الحق، سرکل انسپکٹر شیواشنکر، اور ضلع کی میلاد کمیٹی کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔
میلاد کمیٹی نارائن پیٹ کے صدر عبدالسلیم ایڈوکیٹ نے بتایا کہ امسال 1500 واں میلاد ہے اور اس مناسبت سے کسی کو بھی جلوس میں ڈی جے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ گزشتہ دو سالوں کے تجربات کے مطابق امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے جلوس کو دو دن کے لیے موخر کیا گیا تھا، لیکن اس سال انتظامیہ سے درخواست کی گئی ہے کہ جلوس مقررہ دن پر نکالا جائے۔
اجلاس میں سابقہ سال گنیش جلوس کے دوران پیش آنے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے ذمہ داران نے انتظامیہ سے کہا کہ شرپسند عناصر کو روکنے کے لیے پہلے سے مکمل انتظامات کیے جائیں اور مساجد و عبادت گاہوں پر خصوصی انتظامات ہوں۔
ایڈیشنل ایس پی ریاض الحق نے کہا کہ پولیس انتظامیہ نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور نوجوانوں کو تاکید کی کہ وہ اللہ کے رسول ﷺ کی تعلیمات پر عمل کریں، جلوس کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھیں، جذباتی نعروں اور اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع فوری انتظامیہ کو دیں۔
ضلع ایس پی نے مزید کہا کہ معاشرے میں صرف چند فیصد افراد ہی شرپسندی کرتے ہیں، ان کی نشاندہی پہلے ہی کی جا چکی ہے اور انہیں قبل از وقت تنبیہ کی جا رہی ہے۔ شہر میں 3 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں اور نگرانی تین مختلف سطحوں پر کی جا رہی ہے۔ شرپسندی کرنے والے کسی بھی فرد کو نہیں بخشا جائے گا اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر میلاد کمیٹی کے دیگر ذمہ داران جیسے امیر الدین ایڈوکیٹ، محسن پاشاہ قادری، عبدالرحمن دولے بھائی، محمود قریشی، محمد یوسف تاج، سرفراز حسین انصاری، محمد تقی مؤذن، محمد طاہر اور دیگر بھی موجود تھے۔