تلنگانہ میں کانگریس حکومت کا ایک سال مکمل
ریونت ریڈی نے کہاکہ مجھے یہ ذمہ داری دی کہ اس ورثہ کو فخر کے ساتھ اور بہترین انداز میں آگے لے جاؤں۔ اس لمحہ سے، عوامی خدمت گزار اور فلاحی جہدکارکے طور پر، اپنے دل و دماغ اور فیصلوں میں عوام کی بھلائی کومیں نے سب سے مقدم رکھا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے سوشیل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ایکس پر ایک دلچسپ پوسٹ شیئر کیا۔ انہوں نے لکھاکہ ”جدوجہد، تحریکوں، قربانیوں، امنگوں، خوابوں اور آرزوؤں کو یکجا کرتے ہوئے، 7 دسمبر 2023 کو تلنگانہ نے اپنا ورثہ میرے ہاتھوں میں سپرد کیا۔
مجھے یہ ذمہ داری دی کہ اس ورثہ کو فخر کے ساتھ اور بہترین انداز میں آگے لے جاؤں۔ اس لمحہ سے، عوامی خدمت گزار اور فلاحی جہدکارکے طور پر، اپنے دل و دماغ اور فیصلوں میں عوام کی بھلائی کومیں نے سب سے مقدم رکھا ہے۔
قوم کے عزت نفس کو اولین حیثیت دیتے ہوئے، ساتھیوں کے تعاون اور عوام کی حوصلہ افزائی کے ساتھ تنقید کا سامنا کرتے ہوئے، نفرتوں کے خلاف ڈٹ کرآزادی کو پروں کی طرح بڑھا کر، جمہوریت کے لیے سرخ قالین بچھاتے ہوئے۔
اس سرزمین پر تلنگانہ کو اعلیٰ مقام پر لے جانے کے لیے عظیم مقاصد کی جانب بڑھتے ہوئے، چار کروڑ خوابوں کو پورا کرتے ہوئے،اس مٹی کی جاگتی ہوئی تحریک کو رہنما بناتے ہوئے بغیر رکے، بغیر تھکے،میں مسلسل آگے بڑھ رہا ہوں۔ میں ایک سالہ عوامی حکمرانی میں کافی مطمئن ہوں۔عوام کی تمام خواہشات کو مکمل کرنا ہی میرا مقصد ہے۔”