ناموس رسالت کی پاسبانی اور ختم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان کا اولین فرض: مولانا حافظ پیر شبیر احمد کا بیان
اس لیے ہمیں عوام میں شعور بیدار کرنا چاہیے تاکہ مسلمانوں کے دین و ایمان کا تحفظ ہو سکے۔

حیدر آباد: حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب، صدر جمعیتہ علماء تلنگانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلامی عقائد میں ایک اہم اور بنیادی عقیدہ "عقیدہ ختم نبوت” ہے۔
اس کا مفہوم یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جن اور انسانوں کی رہنمائی کے لیے انبیاء علیہم السلام کا سلسلہ جاری کیا، اور یہ سلسلہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر مکمل ہوا۔ اب قیامت تک کوئی نیا نبی نہیں آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیسے اللہ کی وحدانیت میں کسی کا شریک ہونا ممکن نہیں، اسی طرح حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت میں بھی کسی کا شریک ہونا ممکن نہیں۔
جو شخص نبی کو نہ مانے یا ان کی تکذیب کرے، وہ کافر ہے۔ اسی طرح جو جھوٹے مدعی نبوت کو مانے، وہ بھی کافر ہے۔ اگر کوئی شخص حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت پر ایمان نہیں رکھتا یا اس میں کسی قسم کی تاویل کرتا ہے، تو وہ ایمان سے محروم ہے۔
مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جہاں عالم کی بنیاد رکھی، وہاں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کی بنیاد بھی رکھی۔
جیسے عالم کا عروج ہوا، ویسے ہی نبوت کا قصر بھی مکمل ہوا۔ قرآن میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت کا اعلان واضح طور پر کیا گیا ہے:
"مَا كَانَ مُحَمَّدٌ أَحَدًا مِن رِّجَالِكُمْ وَلَٰكِن رَّسُولُ اللَّـهِ وَخَاتَمَ النَّبِيِّينَ وَكَانَ اللَّـهُ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمًا”
یعنی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم تمہارے مردوں میں سے کسی کے نسبی والد نہیں ہیں، (بلکہ روحانی والد ہیں)۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اولاد میں نبوت کا سلسلہ نہیں جاری ہو سکتا، کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نبوت کے آغاز کے لیے نہیں آئے بلکہ اس کے خاتمے کے لیے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کا عقیدہ قرآن کی آیات، 200 سے زائد حدیثوں اور اجماع امت سے ثابت ہے۔
صحابہ کرام نے بھی یہی سمجھا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر نبوت کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے اور آپ کے بعد کوئی جھوٹا مدعی نبوت نہیں ہو سکتا۔
مولانا حافظ پیر شبیر احمد نے کہا کہ "ناموس رسالت کی پاسبانی اور ختم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان کا اولین فرض، دینی غیرت کا تقاضا اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی پکار ہے۔” عقیدہ ختم نبوت دین کا بنیادی عقیدہ ہے اور اس کی حقیقت و حیثیت کو جاننا ہر مسلمان کی اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے علماء کرام، خطباء اور ائمہ حضرات سے درخواست کی کہ وہ جمعہ کے خطبوں میں ختم نبوت کے عقیدے پر روشنی ڈالیں اور مسلمانوں کو اس اہم عقیدے سے آگاہ کریں تاکہ امت مسلمہ اپنے اس بنیادی عقیدے کو سمجھے اور کسی بھی جھوٹے مدعی نبوت کے فریب کا شکار نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ماہ کے آخر میں قادیان میں سالانہ جلسہ منعقد ہوتا ہے جہاں کچھ بھولے بھالے مسلمان ان کے فریب کا شکار ہو کر مرتد ہو جاتے ہیں۔
اس لیے ہمیں عوام میں شعور بیدار کرنا چاہیے تاکہ مسلمانوں کے دین و ایمان کا تحفظ ہو سکے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں عقیدہ ختم نبوت پر ایمان رکھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق دے، کیونکہ یہی عقیدہ مسلمان کے ایمان کا جز ہے، جس کے بغیر کوئی مسلمان نہیں رہ سکتا۔