حیدرآباد

بلدیاتی انتخابات میں کانگریس کی تاریخی کامیابی عوامی اعتماد کی جیت: محمد فہیم قریشی

حیدرآباد میں انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام نے نفرت، انتشار اور گمراہ کن بیانیوں کو مسترد کرتے ہوئے خدمت، ترقی اور سماجی انصاف کے ایجنڈے کو ترجیح دی ہے۔ یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ریاست کے ووٹرز باشعور، باخبر اور مستقبل بین ہیں۔

حیدرآباد: چیئرمین ٹمریز محمد فہیم قریشی نے ریاست میں منعقدہ بلدیاتی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی تاریخی اور فیصلہ کن کامیابی کو عوامی شعور، اعتماد اور ترقی پسند سوچ کی فتح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نتیجہ وزیرِ اعلیٰ اے ریونت ریڈی کی قیادت میں قائم عوامی حکومت کی شفاف کارکردگی، فلاحی اقدامات اور جوابدہ طرزِ حکمرانی پر مہرِ تصدیق ہے۔

متعلقہ خبریں
ریاستوں اور زمینوں کی تقسیم  سے دل  تقسیم نہین ہوتے۔
انوار العلوم کالج کے فارغین کی ملک و بیرون ممالک منفرد واعلی خدمات – لڑکیاں تعلیم کے میدان میں مزید آگے بڑھیں
ماہ رمضان المبارک کے لئے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے!، گیمس اور غیر ضروری ایپس(Apps) کواَن انسٹال کریں: مولانا ڈاکٹر سید احمد غوری نقشبندی
نمائش کلب میں زندہ دلان حیدرآباد کی محفلِ لطیفہ گوئی، “خوش رہیں اور خوشیاں بانٹیں” کا پیغام عام
مسجد نمرہ میں مدرسہ اسلامیہ عثمان اعظم العلوم کا باوقار جلسۂ دستاربندی و عطائے اسناد

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حیدرآباد میں انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام نے نفرت، انتشار اور گمراہ کن بیانیوں کو مسترد کرتے ہوئے خدمت، ترقی اور سماجی انصاف کے ایجنڈے کو ترجیح دی ہے۔ یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ریاست کے ووٹرز باشعور، باخبر اور مستقبل بین ہیں۔

محمد فہیم قریشی نے کہا کہ کانگریس حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد تعلیم، صحت، روزگار، خواتین کی فلاح، اقلیتوں کی بہبود، کسانوں کی معاونت اور شہری بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی جیسے شعبوں میں ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات کیے ہیں، اور یہی کارکردگی بلدیاتی انتخابات میں شاندار عوامی تائید کی صورت میں سامنے آئی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کانگریس کی جانب سے عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو مقررہ وقت میں پورا کیا جائے گا۔ جدید ٹکنالوجی سے آراستہ شہری سہولیات فراہم کی جائیں گی، صاف و شفاف انتظامیہ کو فروغ دیا جائے گا اور تلنگانہ کو سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور صنعتی ترقی کا مرکز بنایا جائے گا تاکہ ریاست کو ملک کی سب سے متحرک اور ترقی یافتہ ریاستوں میں نمایاں مقام حاصل ہو۔

چیئرمین ٹمریز نے ظہیرآباد کے عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے واضح اور دوٹوک فیصلے نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ عوام خدمت گزار قیادت کو پہچانتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ذاتی نگرانی میں ظہیرآباد میونسپلٹی کو ایک ماڈل ٹاؤن کے طور پر ترقی دی جائے گی، جہاں جدید سڑکیں، معیاری نکاسیٔ آب، صاف پینے کے پانی کی فراہمی، ڈیجیٹل شہری خدمات، سبزہ زاروں کی افزائش اور نوجوانوں کے لیے ہنرمندی کے مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کے معیارِ زندگی میں انقلابی بہتری آئے۔

آخر میں محمد فہیم قریشی نے کہا کہ ریاست کے عوام نے خود غرض اور موقع پرستانہ سیاست کو یکسر مسترد کر کے یہ پیغام دیا ہے کہ تقسیم در تقسیم کی سیاست سے انہیں مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس حکومت عوامی شراکت داری کو فروغ دیتے ہوئے ہر میونسپلٹی اور کارپوریشن کو ترقی، شفافیت اور پائیدار منصوبہ بندی کا نمونہ بنائے گی اور شہری ترقی کے نئے معیارات قائم کر کے تلنگانہ کو قومی سطح پر ایک روشن مثال کے طور پر پیش کرے گی۔