دہلی میں کانگریس کی ایک ماہ طویل نیائے یاترا شروع
کانگریس نے جمعہ کے دن راج گھاٹ سے اپنی ایک ماہ طویل دہلی نیائے یاترا شروع کی تاکہ شہر کی عام آدمی پارٹی حکومت کو آئندہ سال کے اسمبلی انتخابات سے قبل مختلف مسائل پر گھیرا جائے۔
نئی دہلی (پی ٹی آئی) کانگریس نے جمعہ کے دن راج گھاٹ سے اپنی ایک ماہ طویل دہلی نیائے یاترا شروع کی تاکہ شہر کی عام آدمی پارٹی حکومت کو آئندہ سال کے اسمبلی انتخابات سے قبل مختلف مسائل پر گھیرا جائے۔
صدر دہلی پردیش کانگریس دیویندر یادو‘ اے آئی سی سی خازن اجئے ماکن‘ چیف منسٹر ہماچل پردیش سکھویندر سنگھ سکھو‘ سینئر قائد سبھاش چوپڑہ اور سابق صدر دہلی پردیش کانگریس انیل چودھری نے مار چ میں حصہ لیا۔
شرکاء نے شراب کی بوتل کی شکل کے 2 بڑے غبارے اٹھارکھے تھے جن پر اروند کجریوال کا خاکہ بنا تھا۔ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کی طرح کانگریس ورکرس اور قائدین‘ دہلی نیائے یاترا میں شہر کے لوگوں سے بات چیت کریں گے۔
وہ جاننا چاہیں گے کہ گزشتہ 10 برس میں عوام کو کن مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ یاترا قومی دارالحکومت کے تمام 70 اسمبلی حلقوں سے گزرے گی اور 4 دسمبر کو تیمارپور میں اختتام کو پہنچے گی۔