کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے کو ’’انڈیا اتحاد‘‘ کی صدارت دےدی گئی
ممتا بنرجی نے 'انڈیا' اتحاد کی پچھلی میٹنگ میں کنوینر اور وزیر اعظم کے امیدوار کے عہدے کے لیے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کے نام کی وکالت کی تھی۔ ذرائع کی مانیں تو اب کھرگے کا نام تقریباً فائنل ہوچکا ہے۔
نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات سے پہلے بننے والے اپوزیشن اتحاد ‘انڈیا’ کو چیئرپرسن ملنے جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کا نام ‘انڈیا’ اتحاد کے سربراہ کے طور پر فائنل کردیا گیا ہے۔
تاہم کھرگے کے نام کا ابھی تک سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے اتحاد کی چیئرپرسن کو لے کر ہنگامہ جاری تھا اور بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار سے لے کر لالو پرساد یادو تک کے ناموں کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔
ذرائع کے مطابق جنتا دل (یونائیٹڈ) بہار کا چیف منسٹر اور اس کے صدر نتیش کمار کو کنوینر بنانے کی وکالت کر رہی تھی، لیکن ترنمول کانگریس اس کے حق میں نہیں تھی۔ ممتا بنرجی نے ‘انڈیا’ اتحاد کی پچھلی میٹنگ میں کنوینر اور وزیر اعظم کے امیدوار کے عہدے کے لیے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کے نام کی وکالت کی تھی۔ ذرائع کی مانیں تو اب کھرگے کا نام تقریباً فائنل ہوچکا ہے۔
حزب اختلاف کے اتحاد ‘انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس’ (انڈیا) کی جزوی جماعتوں کے بڑے لیڈروں نے آج ایک ڈیجیٹل میٹنگ کا انعقاد کیا، جس میں اتحاد کو مضبوط بنانے، سیٹوں کی تقسیم پر حکمت عملی بنانے اور اس اتحاد کے کوآرڈینیٹر کی تقرری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے حوالے سے یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ جے ڈی یو لیڈر اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے انڈیا اتحاد کے کنوینر کا عہدہ مسترد کر دیا ہے۔
انڈیا اتحاد میں نشستوں کی تقسیم کے حوالے سے اب بھی مخمصہ موجود ہے۔ اس اتحاد میں سب سے بڑی پارٹی کانگریس ہے۔ کانگریس نے جمعہ کو عام آدمی پارٹی کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کو لے کر میٹنگ کی۔ آج بھی ورچوئل میٹنگ میں انڈیا الائنس کی کئی جماعتوں کے لیڈروں نے شرکت کی اور تبادلہ خیال کیا۔ تاہم یہ اطلاع نہیں دی گئی ہے کہ سیٹ شیئرنگ کے حوالے سے کوئی فارمولہ طے ہوا ہے یا نہیں۔