پی ایف آئی آسام یونٹ کے 2 سرکردہ لیڈر گرفتار، 1.5لاکھ ضبط
پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے دو سرکردہ قائدین کو بار پیٹا سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ابوسامہ احمد‘ پی ایف آئی آسام یونٹ کا صدر ہے جبکہ ذاکر حسین اس ممنوعہ گروپ کا اسٹیٹ سکریٹری ہے۔

گوہاٹی: پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے دو سرکردہ قائدین کو بار پیٹا سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ابوسامہ احمد‘ پی ایف آئی آسام یونٹ کا صدر ہے جبکہ ذاکر حسین اس ممنوعہ گروپ کا اسٹیٹ سکریٹری ہے۔
پولیس نے ایک اور ممنوعہ گروپ کیمپس فرنٹ آف انڈیا (سی ایف آئی)کے ایک لیڈر شاہد الاسلام کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 1.5 لاکھ روپئے نقد، 4 موبائل فون اور دونوں تنظیموں کے بعض ورقیے بھی ضبط کیے ہیں۔
مرکز نے گزشتہ سال ستمبر میں پی ایف آئی کو انسدادِ غیرقانونی سرگرمیاں قانون کے تحت ممنوع قرار دیا تھا۔ وزارتِ داخلہ نے کہا کہ پی ایف آئی اور اس سے ملحقہ تنظیمیں غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہورہی ہیں، جو ملک کے اتحاد و یکجہتی اور سلامتی کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔
وہ امن عامہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
پی ایف آئی کے علاوہ اس سے ملحقہ دیگر تنظیموں کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے، جن میں ریہاب انڈیا فاؤنڈیشن (آر آئی ایس)، کیمپس فرنٹ آف انڈیا (سی ایس ایف آئی)، آل انڈیا امامس کونسل (اے آئی سی)، نیشنل کانفیڈریشن آف ہیومن رائٹس آرگنائزیشن (این سی ایچ آر او)، نیشنل ویمنس فرنٹ، جونیئر فرنٹ، امپاور انڈیا فاؤنڈیشن اور ریہاب فاؤنڈیشن کیرالا شامل ہیں۔