حیدرآباد

آبادی کی مناسبت سے شہر میں انٹیگرٹیڈ مارکٹس کی تعمیر: کے سی آر

اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے کہاکہ فی الحال حیدرآبادمیں آبادی کے تناسب سے مارکٹس موجودنہیں ہیں۔سابق میں صرف چار پانچ مارکٹس ہی موجودتھے۔

حیدرآباد: چیف منسٹرکے چندرشیکھر راؤ نے کہاکہ حیدرآبادمیں آبادی کی مناسبت سے انٹیگرٹیڈمارکٹس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ آج اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فی الحال حیدرآبادمیں آبادی کے تناسب سے مارکٹس موجودنہیں ہیں۔سابق میں صرف چار پانچ مارکٹس ہی موجودتھے۔

 ان مارکٹس کی تعمیر بھی سائینٹفیک اندازمیں نہیں کی گئی تھی۔ نظام دور حکومت میں تعمیرکردہ مونڈامارکٹ کی صورتحال دیکھ کر تعجب ہوا‘کے سی آر نے کہاکہ ایک کروڑآبادی والے شہر میں حکومت مناسب تعداد میں انٹیگرٹیڈویج ونان ویج مارکٹس تعمیرکرائے گی۔

اس سلسلہ میں بہت جلد مارکٹس کی تعمیرکے لئے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیاگیا۔چیف منسٹر نے کہاکہ دیکھنے میں آیا ہے کہ سبزی مارکٹس میں صفائی کا فقدان رہتاہے۔ دھول اور گرد کے درمیان ترکاری فروخت کی جارہی ہے۔

 اس صورتحال سے عوام کومحفوظ رکھنے‘ صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے لئے ویج اور نان ویج مارکٹس کی تعمیر کے سلسلہ کا آغاز کیاگیا۔ہر حلقہ اسمبلی میں عصری تقاضوں سے لیس ترکاری مارکٹس تعمیر کی جائے گی۔

تمام اضلاع کے کلکٹرس کومونڈامارکٹ دکھائی گئیں اور ہر ضلع میں اُس طرز کے مارکٹس تعمیر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہر دولاکھ کی آبادی کے لئے ایک انٹیگرٹیڈ مارکٹ تعمیر کی جائے گی۔ چیف منسٹرنے نقلی تخم کی فروخت کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا تیقن دیا۔