مہاراشٹرا

اسامہ بن لادن اور اے پی جے عبدالکلام کے تقابل پر تنازعہ

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی۔ایس پی) قائد جتیندر اوہاڑ کی بیوی روٹا‘ اسامہ بن لادن اور سابق صدرجمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کا ایک دوسرے سے تقابل کرنے پر نشانہ ئ تنقید بنی ہیں۔

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی۔ایس پی) قائد جتیندر اوہاڑ کی بیوی روٹا‘ اسامہ بن لادن اور سابق صدرجمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کا ایک دوسرے سے تقابل کرنے پر نشانہ تنقید بنی ہیں۔

انہوں نے منگل کے دن تھانے میں بچوں سے خطاب میں متنازعہ ریمارکس کئے۔ انہوں نے بچوں کو مشورہ دیا کہ وہ اسامہ بن لادن کی سوانح حیات پڑھیں تاکہ سمجھ سکیں کہ وہ دہشت گرد کیسے بنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تمہیں اسامہ بن لادن کی سوانح حیات ضرور پڑھنی چاہئے۔ اے پی جے عبدالکلام بھی اسی طرح صدرجمہوریہ بنے جیسے اسامہ دہشت گرد بنا تھا لیکن سوال یہ ہے کہ اسامہ دہشت گرد کیوں بنا؟۔ سماج نے اسے اس راستہ پر جانے پر مجبور کیا تھا۔

اجیت پوار کی این سی پی کے سابق رکن پارلیمنٹ آنند پرانجپے نے جمعہ کے دن مطالبہ کیا کہ روٹا کے خلاف کارروائی کی جائے۔ روٹا اوہاڑ کے ریمارکس کے حوالہ سے بی جے پی ترجمان شہزاد پونا والا نے کہا کہ انڈی اتحاد میں شامل سبھی جماعتیں دہشت گردوں کے تعلق سے نرم گوشہ رکھتی ہیں۔

روٹا اوہاڑ نے جمعہ کے دن کہا کہ ان کے ریمارکس کی غلط تشریح کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے ریمارکس کو مسخ کرکے پیش کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ طلبا سے یہ کہنا چاہتی تھیں کہ اسامہ پیدائشی دہشت گرد نہیں تھا۔ وہ یقینا خراب تھا لیکن وہ خراب کیوں بنا؟۔ بچوں کو یہ سمجھنے کے لئے اسامہ کی سوانح حیات پڑھنی چاہئے۔