راجیو گاندھی یا تلنگانہ تلی،سکریٹریٹ کے سامنے مجسمہ کی تنصیب پر تنازعہ
بی آر ایس قائدین نے راجیو گاندھی کے مجسمہ کی تنصیب کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کا تلنگانہ سے کوئی خاص تعلق نہیں ہے جبکہ تلنگاہ تلی کا مجسمہ، ریاست کی ثقافت کی علامت ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے ریاستی سکریٹریٹ کے سامنے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے مجسمہ کی ایستادگی کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے سے ساسی تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔
ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی بی آ رایس نے حکومت سے اپنے اس منصوبہ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یہ جگہ، تلنگانہ تلی کے مجسمہ کو نصب کرنے کیلئے مختص کی گئی تھی۔
بی آر ایس قائدین نے راجیو گاندھی کے مجسمہ کی تنصیب کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کا تلنگانہ سے کوئی خاص تعلق نہیں ہے جبکہ تلنگاہ تلی کا مجسمہ، ریاست کی ثقافت کی علامت ہے۔
بی آر ایس کی ایم ایل سی کے کویتا نے امبیڈکرریاستی سکریٹریٹ کے روبرو مجوزہ مجسمہ کی ایستادگی کے اقدامات پرتشویش کا اظہار کیا۔ صدر ن شین قانون ساز کونسل کو ایصال کردہ مکتوب میں بی آر ایس قائدکویتا نے کہا کہ بحیثیت عوامی نمائندہ، وہ تلنگانہ کی ثقافتی شناخت کے تحفظ کیلئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیشرو حکومت نے سکریٹریٹ میں تلنگانہ تلی کے مجسمہ کو نصب کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور حکومت کے اس منوبہ کو بڑے پیمانے پر حمایت بھی حاصل ہوتی تھی، کیونکہ ریاست کی تہذیب و ثقافت پر ہمیں فخر ہے۔
بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کی دختر کے کویتا نے کہا کہ وہ یہ بات سننے کے بعد حیرت زدہ رہیں گی کہ موجودہ حکومت نے منصوبہ کو تبدیل کردیا ہے۔ حکومت نے تلنگانہ تلی کے بجائے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے مجسمہ کی ایستادگی کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں راجیو گاندھی کی خدمات کا وہ احترام کرتی ہیں مگر یہاں تلنگانہ تلی کے بجائے راجیو گاندھی کا مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ صحیح نہیں ہے۔ حکومت کا یہ اقدام عوام کی خواہشات کے مغائر ہے اور کلچرل شناخت کے عدم احترام کے مماثل ہے۔
تلنگانہ تلی کا مجسمہ ہم سب کیلئے ناقابل حدتک اہم ہے۔ یہ ہماری منفرد ثقافتی شناخت کی یاد دلاتا ہے۔ اور ہمارے آباواجداد کی جدوجہد کی یاد دلاتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مجسمہ کو ایک قومی قائد چاہے وہ کتنا ہی بڑا ہو، سے تبدیل کرنا، تلنگانہ کی انفرادیت کو ختم کردینا ہے۔
کویتا نے کہا کہ ریاست کی کانگریس حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنے فیصلہ پر دوبارہ غور کرے اور سکریٹریٹ کے سامنے تلنگانہ تلی کے مجسمہ کی ایستادگی کے اقدامات کرے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے چہارشنبہ کے روز سکریٹریٹ کے سامنے راجیو گاندھی کے مجسمہ کو نصب کرنے کیلئے سنگ بنیاد رکھا تھا۔