انٹرٹینمنٹ

آنے والی فلم ”جولی ایل ایل بی 3‘ کا متنازعہ گیت، اکشئے کمار، ارشد وارثی اور دیگر کو عدالت کی نوٹس

مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے ایک مفاد عامہ کے درخواست پر جس کے ذریعہ آنے والی فلم ”جولی ایل ایل بی 3“ کے ایک گیت ”بھائی وکیل ہے“ کو چیالنج کیا گیا ہے، بالی ووڈ اداکاروں اکشئے کمار اور ارشد وارثی کے علاوہ فلم کے پروڈیوسر آلوک جین اور ڈائریکٹر سبھاش کپور کو نوٹسیں جاری کی ہیں۔

جبلپور (آئی اے این ایس) مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے ایک مفاد عامہ کے درخواست پر جس کے ذریعہ آنے والی فلم ”جولی ایل ایل بی 3“ کے ایک گیت ”بھائی وکیل ہے“ کو چیالنج کیا گیا ہے، بالی ووڈ اداکاروں اکشئے کمار اور ارشد وارثی کے علاوہ فلم کے پروڈیوسر آلوک جین اور ڈائریکٹر سبھاش کپور کو نوٹسیں جاری کی ہیں۔

چیف جسٹس سنجیو سچدیوا اور ونئے صراف نے تمام فریقین کو ہدایت دی ہے کہ وہ 17 ستمبر تک اپنے جواب داخل کردیں۔ اس فلم کی ریلیز 19 ستمبر کو مقرر ہے۔ ایڈوکیٹ پرنجل تیواری نے جو جبلپور کی گووندبھون کالونی کے ساکن ہیں‘ یہ مفاد عامہ کی درخواست داخل کی ہے۔

ان کا استدلال ہے کہ یہ گیت پیشہ قانون کے وقار کو گھٹاتا ہے۔ ایڈوکیٹ پرمود سنگھ تومر اور آرزو علی نے تیواری کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ اس گیت کے بول جیسے ”رگوں میں تگڑم بازی ہے، ہر تالے کی چابی ہے، ہر کیس کی پیکیج ڈیل ہے، فکر نہ کر تیرا بھائی وکیل ہے“ نہ صرف غیر مناسب ہیں بلکہ وکیلوں کو توہین آمیز انداز میں پیش کرتے ہیں۔

یہ گیت پیشہ قانون کو بدنام کرتا ہے اور عدالت میں پہنے جانے والے لباس کی غلط نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکشئے کمار اور ارشد وارثی کو وکیلوں کے گاؤن اور نیک بیانڈ پہنے ناچتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ درخواست گذار نے دعویٰ کیا کہ یہ حرکت عدالتی کارروائی کے آداب کا مذاق اڑاتی ہے۔ اس طرح پیش کرنے سے نوجوانوں پر منفی اثر پڑسکتا ہے اور سنیما ٹو گراف ایکٹ 1952ء کی دفعہ 5b کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔