مودی 2019 کی طرح اس بار بھی مراقبہ کریں گے، جانئے کہاں؟
نریندر مودی لوک سبھا انتخابات کی طویل مہم چلا کر بہت تھک گئے ہیں اور جیسے ہی ساتویں و آخری مرحلہ کے انتخابات کی مہم کا 30 مئی کی شام کو اختتام ہوگا، وہ تامل ناڈو کے کنیا کماری ضلع پہنچ جائیں گے۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی لوک سبھا انتخابات کی طول طویل مہم چلا کر بہت تھک گئے ہیں اور جیسے ہی ساتویں و آخری مرحلہ کے انتخابات کی مہم کا 30 مئی کی شام کو اختتام ہوگا، وہ تامل ناڈو کے کنیاکماری ضلع پہنچ جائیں گے جہاں مشہور وویکانند راک میموریل میں قیام کرتے ہوئے مراقبہ کریں گے۔
مودی کی عمر اس وقت 73 برس ہے۔ وہ کنیا کماری کے وویکانند راک میموریل میں اپنے قیام کے دوران 48 گھنٹوں کا مراقبہ کریں گے۔ اسی جگہ سوامی وویکانند نے بھی مراقبہ کیا تھا۔
وویکانند راک میموریل کنیا کماری کے ساحل پر تامل سنت تروولوور کے یک سنگی مجسمے کے قریب واقع ہے جو ملک کے انتہائی جنوبی سرے پر واقع ہے۔

وزیر اعظم مودی اپنی تیسری میعاد جیتنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ جمعرات 30 مئی کی شام یہاں پہنچیں گے اور 48 گھنٹے کے مراقبہ کے بعد یکم جون کو دہلی روانہ ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ میراتھن لوک سبھا انتخابات سات مرحلوں پر محیط ہیں جو یکم جون کو ختم ہوں گے۔ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔
بتادیں کہ2019 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد بھی ووٹوں کی گنتی سے پہلے مودی نے زعفرانی لباس پہن کر اتراکھنڈ میں کیدارناتھ کے قریب ایک غار میں مراقبہ کیا تھا جس کی گودی میڈیا اور سوشیل میڈیا کے ذریعہ خوب خوب تشہیر کی گئی تھی۔
آپ کو یہ بھی بتادیں کہ اس مہینے کے شروع میں مودی نے ایک گودی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا پلڑا بہت بھاری ہے۔ اس بارے میں مجھے کچھ کہنے کی ضروت نہیں ہے۔ ہمارا پلڑا بھاری ہے یہ ہر کوئی جانتا ہے۔
ابھی کچھ دن پہلے انہوں نے حال ہی میں گودی بننے والے ایک چینل کو انٹریو دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خود کو حیاتیاتی طور پر زندہ انسان نہیں سمجھتے بلکہ خود کو بھگوان کا بھیجا ہوا نمائندہ محسوس کرتے ہیں جو کسی خاص مقصد کے لئے اس دنیا میں بھیجا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے خود کو بھگوان کے لئے وقف کردیا ہے۔