تلنگانہ

تلنگانہ میں ایک اور عالمی فٹبال اسٹار کی انٹری؟

چیف منسٹر کا کرسٹیانو رونالڈو کو تلنگانہ مدعو کرنے کا اشارہ، کہا گیا کہ لیونل میسی کے بعد اب ایک اور عالمی فٹبال اسٹار کو ریاست لانے کی کوششیں جاری ہیں۔

حیدرآباد: چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ فٹبال کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کو جلد تلنگانہ مدعو کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے معروف فٹبال کھلاڑی لیونل میسی کو حیدرآباد لانے میں کامیابی حاصل کی ہے اور اب رونالڈو کو بھی ریاست مدعو کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

میسی ان کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں، جبکہ ڈیاگو میراڈونا بھی کبھی ان کے پسندیدہ فٹبالر رہے ہیں۔ چیف منسٹر آج حیدرآباد میں اے بی پی نیوز چینل کے زیر اہتمام منعقدہ کنکلیو سے خطاب کرتے ہوئے مختلف سیاسی، سماجی اور ترقیاتی امور پر اظہار خیال کر رہے تھے۔

وزیراعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مودی سیاسی مفادات کے لیے ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس جیسے مرکزی تحقیقاتی اداروں کا استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک میں قومیت، مذہب اور زبان کی بنیاد پر تقسیم کو ہوا دی ہے اور غریبوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جبکہ مہاتما گاندھی اور جواہر لعل نہرو کے نزدیک ترقی کا مطلب ملک کے ہر غریب شہری کی ترقی تھا۔

انہوں نے چی گویرا کی جدوجہد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غریبوں کے حق رائے دہی کے تحفظ کے لیے سفر کیا اور جدوجہد کی جبکہ آج راہول گاندھی کا نعرہ ”ووٹ چور، گدی چھوڑ“ ملک بھر میں عوامی تائید حاصل کر رہا ہے۔