طوفان ’’ دانا‘‘ طاقتور شکل اختیار کرگیا
محکمہ موسمیات نے کہا کہ کسی وقت طوفان 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتا ہے۔دانا بدھ کی آدھی رات کو اپنی طاقت بڑھا کرشدید طوفان بن گیا ہے۔ یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ ایک مضبوط طوفان کے طور پر لینڈ فال کرنے جا رہا ہے۔

کولکتہ: دانا طوفان جو اب طاقتورشکل اختیار کرگیا ہے آہستہ آہستہ زمین کی طرف بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے دوپہر کے نوٹیفکیشن کے مطابق طوفان اس وقت بنگال میں ساگر دیپ سے 310 کلومیٹر دور واقع ہے۔ یہ طوفان جمعرات کی صبح سے خلیج بنگال کے اوپر 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔
جمعرات کی آدھی رات کو اوڈیشہ کے بھترکانیکا اور دھمارا بندرگاہ کے علاقوں سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ تاہم بعض ماہرین موسمیات کا خیال ہے کہ زمین سے ٹکرانے کا عمل آدھی رات سے صبح تک جاری رہ سکتا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق جس علاقے میں طوفان کے ٹکرانےکا امکان ہے وہ دھمارا بندرگاہ سے 240 کلومیٹر جنوب اور جنوب مشرق میں ہے۔ جب یہ زمین سے ٹکرائے گا تو اس وقت طوفان کی رفتار 100 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ کسی وقت طوفان 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتا ہے۔دانا بدھ کی آدھی رات کو اپنی طاقت بڑھا کرشدید طوفان بن گیا ہے۔ یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ ایک مضبوط طوفان کے طور پر لینڈ فال کرنے جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے جمعرات اور جمعہ کو جنوبی بنگال کے اضلاع میں طوفان کی پیش گوئی کی ہے۔ مدنی پور اور جنوبی 24 پرگنہ کے دو نوں اضلاع میں بھاری سے بہت بھاری بارش کی ریڈ وارننگ جاری کی گئی ہے۔ کلکتہ، ہوڑہ، ہگلی، شمالی 24 پرگنہ اور جھاڑگرام اضلاع میں دونوں دنوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جنوبی بنگال کے بڑے حصوں میں دن بھر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
تاہم ہفتہ کو جنوبی بنگال کے اضلاع میں بارش کا زور کم ہو جائے گا، محکمہ موسمیات نے کہا کہ اس دن صرف مشرقی مدنی پور، مغربی مدنی پور اور جھاڑگرام میں ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ زمین سے ٹکرانے کے بعد، کم دباؤ توانائی کھو سکتا ہے اور کم دباؤ بن سکتا ہے۔
جمعرات کی صبح اوڈیشہ اور مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں میں ہوا کی رفتار 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی ہے۔ تاہم شام کے بعد صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
اس وقت، شمالی اوڈیشہ اور مغربی بنگال کے ساحلی اضلاع میں ہوا کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے، محکمہ موسمیات نے کہا کہ کلکتہ، شمالی 24 پرگنہ، ہوڑہ، ہوگلی اور بانکوڑا میں بھی 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلنے کا امکان ہے۔ تیز ہوا کی رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔
اڈیشہ، مغربی بنگال اور ملحقہ بنگلہ دیش بدھ سے جمعرات کی رات تک طوفان کا اثر رہے گا۔ اس دوران ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے منع کیا گیا ہے۔ آفات کی وجہ سے کچے مکانات گر سکتے ہیں۔ مشرقی مدنی پور اور جنوبی 24 پرگنہ کے نشیبی علاقے سمندری طوفان کی وجہ سے ڈوب سکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش کی وجہ سے کئی علاقے زیر آب آسکتے ہیں ۔