بیکری سے خریدے گئے کری پف(Curry Puff) میں سانپ نکل آیا۔ ویڈیو وائرل
ماضی میں کھانے پینے کی اشیاء میں کاکروچ یا چوہا ملنے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں، لیکن کسی پف کے اندر مردہ سانپ کا ملنا شاید سب سے خوفناک واقعہ ہے۔
حیدرآباد: جڑچرلہ سے ایک چونکا دینے والا واقعہ منظرِ عام پر آیا ہے جس نے نہ صرف عوام کو حیران کر دیا بلکہ سخت غصہ میں بھی مبتلا کر دیا۔ جڑچرلہ کی رہائشی ایک خاتون کو اپنے خریدے ہوئے کری پف میں ایک مردہ سانپ ملا، جس کے بعد علاقہ میں کھلبلی مچ گئی۔
اطلاعات کے مطابق شری شَیلا نامی خاتون اپنے بچوں اور اپنے لئے اسنیکس خریدنے مقامی بیکری گئیں۔ گھر واپس آکر جب انہوں نے کری پف کھولا تو اچانک ان کی آنکھیں خوف سے پھٹی کی پھٹی رہ گئیں۔ پف کے اندر ایک مردہ سانپ موجود تھا۔ یہ منظر دیکھ کر وہ گھبرا گئیں اور چیخ نکل گئی۔
خاتون نے فوراً جڑچرلہ پولیس اسٹیشن پہنچ کر باضابطہ شکایت درج کرائی۔ اس موقع پر سرکل انسپکٹر نے بتایا کہ شکایت ملتے ہی پولیس ٹیم نے فوری طور پر بیکری کا دورہ کیا اور عملہ سے پوچھ گچھ کی۔ معاملہ مزید تحقیقات کے لئے مقامی فوڈ انسپکٹر کے حوالہ کر دیا گیا ہے۔
Shocking incident in Mahbubnagar! A family found a baby snake inside a curry puff ordered from a bakery in Jadcherla. The family immediately reported the matter to the bakery and police. The police have registered a case and started investigation. Stay cautious while eating out! pic.twitter.com/qOsmrywKDy
— 🇮🇳Tirish Reddy (@tirishreddy) August 12, 2025
واقعہ کے بعد پف کے اندر موجود مردہ سانپ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔ عوام نے سخت غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے بیکری مالک کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ متعدد صارفین نے لکھا کہ یہ سنگین غفلت کسی کی جان بھی لے سکتی تھی۔
ماضی میں کھانے پینے کی اشیاء میں کاکروچ یا چوہا ملنے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں، لیکن کسی پف کے اندر مردہ سانپ کا ملنا شاید سب سے خوفناک واقعہ ہے۔