بھارت

وندے بھارت ایکسپریس نوجوانوں میں کافی مقبول ہو رہی ہے

نوجوانوں میں وندے بھارت ایکسپریس کا جنون سوشل میڈیا پر دیکھا جا سکتا ہے جہاں لوگ انڈین ریلوے کی اس نئی ٹرین کے ساتھ اپنی سیلفیز اپ لوڈ کر رہے ہیں اور ویڈیو بنا رہے ہیں۔

نئی دہلی: ہندوستانی ریلوے کی جدید ترین وندے بھارت ایکسپریس نوجوانوں، بچوں اور محنت کش طبقے میں کافی مقبولیت حاصل کر رہی ہے اور اس کی وجہ سے کئی میٹروز کے درمیان ایئر لائنز کے کرایوں اور سفر کی تعداد پر بھی اثر پڑا ہے۔

مختلف وندے بھارت ٹرینوں میں اب تک کی گئی بکنگ کے اعدادوشمار کا مطالعہ کرنے کے بعد ریلوے بورڈ نے کہا ہے کہ ملک کے نوجوانوں اور محنت کش طبقے کے درمیان رفتار، سہولت اور وقت کی بچت کے لئے ہندوستانی ریلوے کی مکمل طور پر دیسی ٹیکنالوجی کے ساتھ بنائی گئی یہ ٹرین سب سے پسندیدہ سفری آپشن کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق، وندے بھارت میں سفر کرنے والے 25-34 سال کی عمر کے نوجوانوں (مرد و خواتین) میں اوسطاً 27.5 فیصد مسافر اسی عمر کے ہیں۔ اسی طرح، 35-49 سال کی عمر کے گروپ میں، اوسطاً 28.6 فیصد مسافر ٹرانسپورٹ کے دیگر ذرائع کے مقابلے میں وندے بھارت ایکسپریس کو ترجیح دے رہے ہیں۔

مجموعی طور پر تقریباً 56 فیصد مسافر نوجوان اور محنت کش طبقے کے ہیں۔ وندے بھارت میں سفر کرنے والے تمام عمر گروپ کے مسافروں میں اس عمر کا گروپ سب سے زیادہ ہوگیا ہے۔

یہی نہیں، ملک میں 60 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں نے بھی اپنی سہولت اور رفتار کے لیے وندے بھارت ایکسپریس میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ایک اعدادوشمار کے مطابق تمام مسافروں میں سے اوسطاً 12.5 فیصد اس عمر کے ہیں۔

ایک مطالعہ کا حوالہ دیتے ہوئے، ریلوے بورڈ کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ چند مہینوں میں چینائی-بنگلور، ترواننتا پورم-کساراگوڈ، ممبئی-پونے، جام نگر-احمد آباد اور دہلی-جئے پور روٹس پر وندے بھارت متعارف کرانے کے ساتھ ہی، ان شعبوں میں ہوائی کرایوں میں اپریل کی سطح سے 20-30 فیصد کی کمی آئی ہے۔

ان راستوں پر وندے بھارت کی شروعات نے ایئر لائنز کے 10-20 فیصد کسٹمر بیس کو نمایاں طور پر متاثر کیا ہے۔ اس کے اثر سے ان راستوں پر وندے بھارت ایکسپریس کے متعارف ہونے سے پہلے ہوائی کرایوں کے مقابلے میں ان راستوں پر فضائی کرائے میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ اپریل میں چنئی اور بنگلورو کے درمیان مسافر کرایہ 900 سے 2000 روپے کے درمیان رہا۔

ٹرانسپورٹ سیکٹر کے ماہرین کے مطابق وندے بھارت ایکسپریس نے ہوائی کرایوں کی حرکیات کو بدل دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی لوگ اپنی گاڑی سے سفر کرنے کے بجائے وندے بھارت ایکسپریس کو ترجیح دیتے ہیں۔

مثال کے طور پر، وندے بھارت ایکسپریس وجئے واڑہ سے رینی گنٹا (تروپتی) تک 5 گھنٹے لیتی ہے جبکہ سڑک کے سفر میں 7 گھنٹے لگتے ہیں۔

وندے بھارت ایکسپریس آج پورے ہندوستان میں سب سے زیادہ مانگ والی ٹرین ہے۔ نوجوانوں میں وندے بھارت ایکسپریس کا جنون سوشل میڈیا پر دیکھا جا سکتا ہے جہاں لوگ انڈین ریلوے کی اس نئی ٹرین کے ساتھ اپنی سیلفیز اپ لوڈ کر رہے ہیں اور ویڈیو بنا رہے ہیں۔

a3w
a3w