دہلی

’وزیراعظم کاکم تعلیم یافتہ ہونا ملک کیلئے خطرناک‘

دہلی کے سابق وزیرتعلیم اورعام آدمی پارٹی کے محروس لیڈر منیش سسوڈیانے ملک کے عوام کے نام ایک مکتوب تحریر کیااور الزام عائد کیاکہ وزیراعظم نریندرمودی کاتعلیم یافتہ نہ ہونا ہندوستان کیلئے خطرناک ہے۔

نئی دہلی: دہلی کے سابق وزیرتعلیم اورعام آدمی پارٹی کے محروس لیڈر منیش سسوڈیانے ملک کے عوام کے نام ایک مکتوب تحریر کیااور الزام عائد کیاکہ وزیراعظم نریندرمودی کاتعلیم یافتہ نہ ہونا ہندوستان کیلئے خطرناک ہے۔

متعلقہ خبریں
سی اے اے ریمارکس پر ہندو مہاجرین کا کجریوال کی قیام گاہ کے باہر احتجاج (ویڈیو)
شیوسینا قائد آدتیہ ٹھاکرے کی چیف منسٹر دہلی سے ملاقات
کجریوال کے خلاف بی جے پی کی ”جھوٹا کہیں کا“ مہم کا آغاز

ان کی پارٹی کے باس و چیف منسٹردہلی ارویندکجریوال بھی ان کی کالج کی ڈگریوں کے بارے میں مبینہ الجھن کے سلسلہ میں وزیراعظم کونشانہئ تنقید بناتے رہے ہیں۔ گجرات ہائیکورٹ نے حق معلومات کے ذریعہ وزیراعظم کے گریجویشن اورپوسٹ گریجویشن کی ڈگریوں سے متعلق تفصیلات دریافت کرنے پر کجریوال پر حال ہی میں 25ہزارروپے کا جرمانہ کیاتھا۔

منیش سسوڈیاکے ہاتھ سے تحریر کردہ مکتوب کو چیف منسٹر ارویندکجریوال نے ٹوئٹ کیا۔ سسوڈیا نے اپنے مکتوب میں کہاکہ آج کل کے نوجوان امنگیں رکھتے ہیں۔ وہ لوگ کچھ حاصل کرناچاہتے ہیں اورمواقع کی تلاش میں ہیں۔ وہ دنیاجیتنا چاہتے ہیں اورسائنس وٹکنالوجی میں کارنامے دکھاناچاہتے ہیں۔ کیاایک کم تعلیم یافتہ وزیراعظم آج کل کے نوجوانوں کی امنگوں کی تکمیل کی صلاحیت رکھتاہے۔

سسوڈیانے کہاکہ سائنس و ٹکنالوجی میں روزانہ پیشرفت ہورہی ہے اوردنیامصنوعی ذہانت کی بات کررہی ہے۔ اس سیاق و سباق میں جب میں وزیراعظم کو یہ کہتے ہوئے سنتاہوں کہ ہم کسی گندی موری میں پائپ ڈال کرگندی گیس سے چائے یا غذاتیارکرسکتے ہیں تو میرادل ڈوب جاتا ہے۔ جب وزیراعظم یہ کہتے ہیں کہ راڈار بادلوں کے پیچھے اڑتے ہوئے طیارہ کا پتہ نہیں چلاسکتاتو وہ ساری دنیامیں موضوع مذاق بن جاتے ہیں۔

اسکول اورکالج کے طلبہ ان کامذاق اڑاتے ہیں۔ سسوڈیانے کہاکہ ساری دنیاجانتی ہے کہ ہندوستان کے وزیراعظم کم تعلیم یافتہ ہیں اورسائنس کی بنیادی معلومات بھی نہیں رکھتے۔ سسوڈیانے دعویٰ کیاکہ دیگرسربراہان حکومت وزیراعظم کوگلے لگاتے ہیں لیکن ہر مرتبہ گلے لگانے کی وہ بھاری قیمت وصول کرتے ہیں۔

وہ ان سے کن کاغذات پردستخط کروالیتے ہیں وزیراعظم کم تعلیم یافتہ ہونے کی وجہ سے سمجھ نہیں پاتے۔ انہوں نے یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ حالیہ برسوں میں زائد از60ہزار اسکولوں کوبند کردیاگیا‘ منیش سسوڈیانے کہاکہ اس سے ظاہر ہوتاہے کہ تعلیم حکومت کی ترجیح بالکل نہیں ہے۔ اگرہم اپنے بچوں کو اچھی تعلیم نہ دیں تو کیاملک ترقی کرسکتاہے؟ کبھی نہیں۔

خط میں کہاگیاکہ میں نے وزیراعظم مودی کاایک ویڈیودیکھاجس میں وہ فخر سے کہہ رہے ہیں کہ وہ تعلیم یافتہ نہیں ہیں۔ ان کاکہناہے کہ انہوں نے صرف ایک گاؤں کے اسکول میں تعلیم حاصل کی ہے۔کیا ناخواندہ یا کم تعلیم یافتہ ہوناکوئی قابل فخر بات ہے۔ ایک ایسا ملک جہاں وزیراعظم کم تعلیم یافتہ ہونے پر فخر کرتے ہیں‘ اپنے بچوں کوکبھی اچھی تعلیم فراہم نہیں کرے گا۔

ارویند کجریوال نے جنہیں اندرون چار ہفتے جرمانہ اداکرنے کی ہدایت دی گئی ہے، ٹوئٹ کیاکہ کیاملک کویہ جاننے کا حق حاصل نہیں کہ ان کاوزیراعظم کتناتعلیم یافتہ ہے۔ ان لوگوں نے عدالت میں ان کی ڈگری کے بارے میں معلومات کاانکشاف کرنے کی سخت مخالفت کیوں کی۔جوشخص ڈگری دیکھنا چاہتاہے کیا اس پر جرمانہ کیاجائے گا۔ آخر یہ کیاہورہاہے۔ ایک غیر تعلیم یافتہ یا کم تعلیم یافتہ وزیراعظم ملک کیلئے خطرناک ہے۔