تلنگانہ

ضلع وقار آباد میں وی ایل ایف کمیونیکیشن اسٹیشن کے قیام کا فیصلہ

ہندوستانی بحریہ نے تلنگانہ کو اپنے کلیدی اڈے کے طور پر انتخاب کیا ہے ہے۔ ملک کا دوسرا ویری لو فریکیونسی VLF کمیونیکیشن اسٹیشن وقار آباد ضلع میں قائم کرنے کے متعلق ایک اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

حیدرآباد : ہندوستانی بحریہ نے تلنگانہ کو اپنے کلیدی اڈے کے طور پر انتخاب کیا ہے ہے۔ ملک کا دوسرا ویری لو فریکیونسی VLF کمیونیکیشن اسٹیشن وقار آباد ضلع میں قائم کرنے کے متعلق ایک اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں
خلیج عدن میں جہاز پر ڈرون حملہ، ہندوستانی بحریہ نے جواب دیا
شمس آباد میں اڈانی ڈیفنس ایرو اسپیس سنٹر کا افتتاح

بحریہ، بحری جہازوں اور آبدوزوں کے ساتھ بات چیت کے لیے ویری لو فریکیونسی کمیونیکیشن ٹرانسمیشن اسٹیشن کا استعمال کرتی ہے۔ یہ اسٹیشن وقار آباد ضلع کے پڈورو منڈل کے قریب دماگوڈیم جنگلاتی علاقے میں قائم کیا جائے گا۔

یہ ملک بھر میں دوسرا اسٹیشن ہوگا۔ ترونیل ویلی ٹاملناڈو میں آئی این ایس کٹبومن راڈار اسٹیشن اپنی نوعیت کا پہلا اسٹیشن ہے جو 1990 سے بحریہ کی خدمات انجام دے رہا ہے۔

وشاکھاپٹنم میں مشرقی بحریہ کمان نے پہلے ہی تلنگانہ کو دوسرے راڈار اسٹیشن کے قیام کے لیے موزوں علاقے کے طور پر شناخت کیا ہے۔ اس سلسلہ میں 2010 سے بحریہ ریاستی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔ تمام ماحولیاتی اجازت ناموں اور منظوریوں کے باوجود سابقہ حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے زمین کی الاٹمنٹ کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا تھا۔

چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خصوصی اقدام سے اس پروجیکٹ کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہوگئیں۔ کموڈور کارتک شنکر، سرکل ڈی ای او روہت بھوپتی اور کیپٹن سندیپ داس نے آج چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے ملاقات کی جس میں وقارآباد کے ڈی ایف او اور نیول کمانڈ ایجنسی کے افسران نے جنگلات کی زمینوں کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کی رو سے دماگوڈیم ریزرو فاریسٹ کے تحت 1174 ہیکٹر جنگلاتی اراضی انڈین نیوی کے حوالے کر دی گئی ہے۔

یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ 2014 میں ہی مرکزی محکمہ جنگلات اور ماحولیات نے بحریہ کی تجاویز کو منظوری دی تھی۔ جنگلات کی زمین کے حوالے کرنے کے لیے کیمپ فنڈز سے 133.54 کروڑ روپے جاری کے گئے اور بحریہ نے زمین کے تحفظ کے اقدامات کے لیے کیے گئے کاموں کے لیے 18.56 کروڑ روپے ادا کیے ہیں۔

یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ دماگوڈیم فاریسٹ پروٹیکشن نے اس پروجیکٹ کو منسوخ کرنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی عدالت نے حکومت کی طرف سے طے شدہ شرائط کے مطابق تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے احکامات جاری کیے۔ مجوزہ جنگلاتی علاقے میں ایک مندر ہے۔

بحریہ نے عوام کو یہاں آنے کے لئے اجازت دینے پر اتفاق کیا۔ نیوی اسٹیشن کے ساتھ ٹاؤن شپ میں اسکول، اسپتال، بینک اور بازار بھی قائم کے جاینگے۔ یہ بحری یونٹ تقریباً 600 بحریہ کے اہلکاروں اور دیگر شہریوں پر مشتمل ہوگا۔ اس ٹاؤن شپ میں تقریباً 2500 سے 3000 لوگ قیام کریں گے۔

وسیع پیمانے پر شجر کاری کے ذریعے خطے میں حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے جائیں گے۔ اس پروجیکٹ کے ایک حصے کے طور پر دماگوڈم ریزرو فاریسٹ کے ارد گرد تقریباً 27 کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔ یہ نیا VLF سنٹر 2027 میں مکمل ہو جائے گا۔