حیدرآباد

منحرف قائدین دوبارہ ٹی ڈی پی میں واپس آ جائیں: چندرا بابو نائیڈو

چندرا بابو نائیڈو نے کہاکہ شہر حیدرآباد میں آئی ٹی صنعت کی ترقی کاسہرا تلگودیشم پارٹی کے سر جاتا ہے۔ ٹی ڈی پی نے اپنے دورحکومت میں آئی ٹی کے فروغ کے لئے اقدامات کئے تھے۔

حیدرآباد: تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈونے ٹی ڈی پی کیڈراورقائدین پر زور دیا کہ وہ مل جل کر تلنگانہ میں پارٹی کوفروغ دیں۔

کھمم میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چندرابابونائیڈونے ٹی ڈی پی کے قائدین سے جنہوں نے پارٹی چھوڑکر دوسری جماعتوں میں شامل ہوئے ہیں‘ اپیل کی کہ وہ ٹی ڈی پی میں دوبارہ واپس آجائیں تاکہ تلگودیشم پارٹی کی عظمت رفتہ بحال کرسکیں۔

انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں پارٹی کودوبارہ مضبوط ومستحکم بنانے کے لئے وہ کھمم آئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تلگودیشم پارٹی نے ایسے کئی قائدین کوپیدا کیاہے جن سے پارٹی کوفائدہ ہواہے اب ان ہی قائدین کودوبارہ پارٹی کومضبوط بنانے کے لئے کام کرنے اورٹی ڈی پی کی حمایت کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ کھمم کے جلسہ میں ہزاروں افراد کا شریک ہونا اس بات کا غماز ہے کہ آندھراسے زیادہ تلنگانہ میں ٹی ڈی پی کو زبردست عوامی حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں ٹی ڈی پی کی ضرورت ہے۔ نائیڈونے پارٹی قائدین پرزوردیا کہ وہ اے پی تنظیم جدید ایکٹ میں کئے گئے وعدوں کوروبعمل لانے کویقینی بنانے کیلئے جدوجہد کریں۔

انہوں نے کہاکہ شہر حیدرآباد میں آئی ٹی صنعت کی ترقی کاسہرا تلگودیشم پارٹی کے سر جاتا ہے۔ ٹی ڈی پی نے اپنے دورحکومت میں آئی ٹی کے فروغ کے لئے اقدامات کئے تھے۔