ویڈیو: دہلی ایرپورٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش ناکام
ہریانہ کے سونی پت سے تعلق رکھنے والا کھلاڑی کارآمد ویزا اور ضروری سفری دستاویزات کے بغیر بیرون ملک جانے پر مصر تھا، سی آئی ایس ایف نے پکڑ کر دہلی پولیس کے حوالے کردیا۔
نئی دہلی (پی ٹی آئی) دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حساس ٹرمنل 3 سے زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرنے والا شخص ہریانہ کا ایک کھلاڑی تھا جو کارآمد ویزانہ ہونے کے باوجود بیرون ملک سفر کرنے پر مصر تھا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ سی آئی ایس ایف عملہ نے اسے چہارشنبہ کو تقریباً 3 بجے دن پکڑ لیا اور سیکورٹی کی امکانی خلاف ورزی پر قابو پالیا۔ بعدازاں اسے پوچھ تاچھ کیلئے دہلی پولیس کے حوالہ کردیا گیا۔
سی آئی ایس ایف کی جانب سے چہارشنبہ کے روز پوسٹ کردہ 35 سکنڈ کے ویڈیو میں اس شخص کو اپنی پیٹھ پر ایک بیاگ اٹھائے ہوئے اور ایرپورٹ کے ٹرمنل3 کے انٹری گیٹ سے زبردستی اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ سی آئی ایس ایف کا ایک جوان اس کے پیچھے دوڑ رہا تھا۔
ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ درانداز‘ کنال کا تعلق ہریانہ کے سونی پت سے ہے اور وہ مغربی بنگال میں اتھلیٹ ٹریننگ لے رہا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق وہ بیرون ملک سفر کرنے پر مصر تھا لیکن اس کے پاس کارآمد ویزا یادرکار سفری دستاویزات نہیں تھے۔
ایرپورٹ میں بغیر اجازت داخل ہونے کی کوشش میں اس نے سیکورٹی کی خلاف ورزی کی۔ سی آئی ایس ایف عملہ نے اسے روک لیا اور دہلی پولیس کے حوالہ کردیا۔ اس معاملہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔