تلبیہ کی گونج میں عازمین حج کا پہلا قافلہ روانہ۔ سیلفی اور ویڈیوز بنانے سے گریز کا مشورہ
امیر جامعہ جامعہ نظامیہ مفتی خلیل احمد نے تلبیہ کی گونج میں عازمین حج کے پہلے قافلہ کو جھنڈی دکھاکر حج ہاؤز نامپلی سے آج رات روانہ کیا۔

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) امیر جامعہ جامعہ نظامیہ مفتی خلیل احمد نے تلبیہ کی گونج میں عازمین حج کے پہلے قافلہ کو جھنڈی دکھاکر حج ہاؤز نامپلی سے آج رات روانہ کیا۔
اس موقع پر صدرنشین حج کمیٹی تلنگانہ سید شاہ غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن محمد عبیداللہ کوتوال، ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود شیخ یاسمین باشاہ، ایگزیکٹیو آفیسر سجاد علی، اسسٹنٹ ایگزیکٹیوآفیسر عرفان شریف، ارکان محترمہ خواجہ ثناء، ڈاکٹر محمد لئیق، محمد مجیب الدین، محمد الیاس، ڈاکٹرسیداظہر علی، سینئر کانگریس کے قائدعثمان محمد خان کے علاوہ دیگر موجود تھے۔
قبل ازیں مفتی خلیل احمد نے کہاکہ بیت اللہ شریف میں ایک نماز ادا کرنے پر ایک لاکھ نیکیاں ملتی ہیں، اس طرح حاجی ایک ماہ میں 150 نمازیں ادا کرتے ہیں۔ اس عبادت سے انہیں بہت زیادہ نیکیاں ملیں گی۔ انہوں نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ حج کے دوران کثرت سے دعائیں کریں۔
اُنہوں نے طواف کے دوران ہمیشہ نگاہ کو نیچی رکھنا چاہئے اور اس دوران اپنے گناہوں سے معافی مانگنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ روزانہ صبح 70 ہزار فرشتے اور شام میں 70 ہزار فرشتے زیارت کیلئے مدینہ منورہ آتے ہیں۔ہم کو مدینہ منورہ احترام کرنا چاہئے۔
انہوں نے مدینہ منورہ شریف میں کثرت سے دورد شریف پڑھنے اور عبادت کرنے کا مشورہ دیا۔ صدرنشین حج کمیٹی تلنگانہ سید شاہ غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے کہاکہ حج کے دوران کچھ تکالیف آئیں گی لیکن حاجیوں کو ویڈیو بناکر روانہ نہیں کرنا چاہئے۔ اس سے دیگر حاجیوں اور ان کے افراد خاندان کو پریشانی کا سامنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ حج کے دوران کثرت سے توبہ کریں۔
اُنہوں نے نوجوان عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ فلائٹ میں سوار ہونے اور فلائیٹ سے اترنے کے بعد اور حج کے دوران ضعیف حاجیوں کی خدمت کریں۔ صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے کہاکہ ملک کے 25 کروڑ مسلمانوں میں سے اللہ تعالیٰ نے آپ کو مہمان بناکر بلایا ہے جس پر آپ کو اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے۔
اُنہوں نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ حج کے دوران ملک میں مسلمانوں کی خوشحالی، ملک میں امن وامان کی برقراری، وقف بورڈ کی املاک کی حفاظت، بیت المقدس کی بازیابی اور ریاست کی ترقی اور چیف منسٹر کی صحت کے ساتھ درازی عمر کیلئے دعا کریں۔ صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن محمد عبیداللہ کوتوال نے بھی خطاب کیا۔ ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی سجاد علی نے خیر مقدمی تقریر کی۔
اُنہوں نے کہاکہ 275 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ شمس آباد ایرپورٹ سے مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہورا ہے۔ یہ قافلہ2:40 بجے شب مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوا۔ مفتی محمد الیاس احمد قاسمی کی تلاوت کلام پاک سے کارروائی کا آغاز ہوا۔ اُنہوں نے نعت شریف بھی سنائی اڈمن سیکشن محمد نورالدین نے کارروائی چلائی۔