حج کا ادا کرنا اللہ کا انعام، مکہ مکرمہ میں ایک نماز کا اجر ایک لاکھ نمازوں کے برابر: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری

خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز، نامپلی، حیدرآباد، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے کہا کہ حج کا ادا کرنا اللہ تعالیٰ کا ایک انعام ہے۔ مکہ مکرمہ میں ایک نماز کا اجر ایک لاکھ نمازوں کے برابر ہے۔
عازمین حج کا استقبال اور حکومت کی سہولیات
مولانا صابر پاشاہ قادری نے امسال حیدرآباد ایمبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے عازمین حج کا خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ حکومتِ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے 1200 عازمین کو مکمل عزت و احترام اور بہترین سہولیات کے ساتھ روانہ کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ اے. ریونت ریڈی نے ہدایت دی ہے کہ کسی حاجی کو کوئی شکایت نہ ہو۔ حج کمیٹی ہر عازم کو پُرامن اور روحانی سفر فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
مکہ مکرمہ کی عظمت اور تقدس
مولانا نے مکہ مکرمہ کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ پوری دنیا میں سب سے بابرکت شہر ہے، جہاں اللہ تعالیٰ نے اپنے گھر بیت اللہ کو بنایا۔ یہ شہر انوار و رحمت کا مرکز اور انبیاء کرام کا مدفن ہے۔
قرآن و حدیث میں مکہ کی اہمیت
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے مکہ مکرمہ کو امن والا شہر قرار دیا اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا کو قبول کرتے ہوئے یہاں پھلوں کی فراوانی عطا فرمائی۔
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی مکہ سے اپنی بے پناہ محبت کا اظہار فرمایا:
"تو کتنا اچھا شہر ہے، اگر میری قوم نہ نکالتی تو میں کبھی تجھے نہ چھوڑتا۔”
بیت اللہ کی خصوصیات
مولانا نے بتایا کہ بیت اللہ کی تعمیر حضرت ابراہیم علیہ السلام کے ذریعہ عمل میں آئی۔ اس مقدس گھر میں ایک نماز ایک لاکھ نمازوں کے برابر ثواب رکھتی ہے۔
اس شہر میں شکار، درختوں کی کٹائی اور خونریزی سب ممنوع ہیں، یہاں ہر ذی روح محفوظ ہے۔
زیارتِ کعبہ کی فضیلت
حدیث مبارکہ کے مطابق جو شخص بیت اللہ کی زیارت کرے اور فساد یا بدزبانی نہ کرے، وہ گناہوں سے ایسے پاک ہو جاتا ہے جیسے ماں کے پیٹ سے پیدا ہوا ہو۔
رحمتوں کا نزول
اللہ تعالیٰ روزانہ بیت اللہ پر 120 رحمتیں نازل فرماتا ہے:
- 60 طواف کرنے والوں کے لیے
- 40 نماز پڑھنے والوں کے لیے
- 20 دیدار کرنے والوں کے لیے
بیت اللہ کی زیارت عبادت ہے
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ کعبۃ اللہ کو دیکھنا بھی عبادت ہے۔ یہ اسلام کا ستون ہے اور جو حج یا عمرہ کی نیت سے روانہ ہوتا ہے، اللہ کی ذمہ داری میں آ جاتا ہے۔
حج کی اہمیت اور دعا کا قیمتی وقت
مولانا مفتی صابر پاشاہ قادری نے عازمین کو نصیحت کی کہ پہلی نظر میں کعبۃ اللہ کو دیکھتے وقت دل سے عاجزی کے ساتھ دعا کریں، قرآن کی تلاوت کریں اور زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزاریں۔ اللہ کو خلوص نیت سے کی جانے والی عبادت بہت محبوب ہے۔