بی آر ایس دور میں سیتارام پروجیکٹ کے 90 فیصد کام مکمل ہوئے: ہریش راؤ
بی آر ایس کے سابق وزیر و رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ نے دعوی کیا کہ بی آر ایس دور حکومت میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سیتارام پراجکٹ کے 90 فیصد تعمیری کام مکمل کرلئے تھے۔
حیدرآباد: بی آر ایس کے سابق وزیر و رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ نے دعوی کیا کہ بی آر ایس دور حکومت میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سیتارام پراجکٹ کے 90 فیصد تعمیری کام مکمل کرلئے تھے۔
موجودہ کانگریس حکومت مابقی 10 فیصد تعمیری کام مکمل کرکے وہ اس پروجیکٹ کی تعمیر کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کررہی ہے۔
سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ کے کسانوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ضلع کھمم میں سیتارام پراجکٹ کے تعمیری کاموں کاآغاز کیا تھا۔ اس کی ستائش کانگریس قائد ناگیشور راؤ نے بھی کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس حکومت قائم ہوکر 8ماہ کا عرصہ ہوگیا ہے۔
مگر اس قلیل مدت میں کس طرح ایک آبپاشی پراجکٹ تعمیر کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی 15 اگست بروز جمعرات سیتارام پراجکٹ کاافتتاح کرنے والے ہیں۔ ریاستی وزراء روزانہ کھمم کا دورہ کرکے وہ اس پراجکٹ کا معائنہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جس وقت سیتارام پراجکٹ کے تعمیری کام کاآغاز ہوا تھا اس وقت موجودہ ریاستی وزیر ٹی ناگیشور راؤ بی آ رایس میں تھے۔ اب یہ کہاجارہاہے کہ کانگریس حکومت نے اس پراجکٹ کو تعمیر کیا ہے۔ کانگریس حکومت عوام کو گمراہ کرنے کے لیے تشہیر کررہی ہے۔ انہوں نے کانگریس حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام سے کئے گئے 6 ضمانتوں دیگر وعدوں پر عمل آوری اقدامات کرے۔