شمالی بھارت

دیوبند اور جمعیت العلماء نے پہلگام حملہ کی مذمت کی

دارالعلوم دیوبند نے کشمیر کے پہلگام میں دہشت گرد حملہ کو خلاف ِ انسانیت قراردیا۔مہتمم دارالعلوم دیوبند مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ پہلگام کے قریب بیسرن میڈو میں حملہ کرکے 26 افراد (بیشتر سیاح) کو ہلاک کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

سہارنپور(یوپی) (پی ٹی آئی) دارالعلوم دیوبند نے کشمیر کے پہلگام میں دہشت گرد حملہ کو خلاف ِ انسانیت قراردیا۔مہتمم دارالعلوم دیوبند مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ پہلگام کے قریب بیسرن میڈو میں حملہ کرکے 26 افراد (بیشتر سیاح) کو ہلاک کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حملہ‘ ملک کے اتحاد و یکجہتی کے لئے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے مہلوکین کے ورثا سے اظہارِتعزیت کیا اور زخمیوں کے لئے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کی۔ جمعیت العلماء کے دونوں گروپس نے بھی حملہ کی مذمت کی۔

صدر جمعیت مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ بے قصور لوگوں کو ہلاک کرنے والے انسان نہیں بلکہ درندے ہیں۔ اسلام میں دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں۔

مولانا محمود مدنی نے واقعہ کو غیرانسانی قراردیا اور کہاکہ واقعہ کو کسی مذہب سے نہیں جوڑا جاسکتا۔ اسے اسلام سے جوڑنے والے اسلام کی سچی تعلیمات سے واقف نہیں ہیں۔

اسی دوران قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے بھی پہلگام میں شہریوں کی ہلاکتوں کی مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی میں براہ راست یا بالواسطہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا وقت آگیا ہے۔