گاندھی بھون کے روبرو سرکاری ملازمین کا دھرنا (ویڈیو)
ریاستی سرکاری ملازمین کی ایک بڑی تعداد، جو جی او 317 سے متاثر ہوئی ہے، کی جانب سے آج گاندھی بھون کے روبرو احتجاجی دھرنا کا اہتمام کیا گیا۔

حیدرآباد(منصف نیوز بیورو) ریاستی سرکاری ملازمین کی ایک بڑی تعداد، جو جی او 317 سے متاثر ہوئی ہے، کی جانب سے آج گاندھی بھون کے روبرو احتجاجی دھرنا کا اہتمام کیا گیا۔
اس جی او کی وجہ سے ملازمین اپنے ہی اضلاع میں غیر مقامی ہو گئے ہیں، ملازمین نے حکومت سے ان کے مسائل کے حل کا مطالبہ کیا۔
تمام اضلاع سے ملازمین حیدرآباد پہنچے، مظاہرین نے گاندھی بھون کا محاصرہ کر لیا جس سے نامپلی روڈ پر ٹریفک میں زبردست رکاوٹ پیدا ہو گئی۔ گاندھی بھون میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
جی او 317 متاثرین کے مطابق، چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اسمبلی انتخابات کے دوران انہیں یقین دلایا تھا کہ کانگریس پارٹی ریاست میں حکومت بنانے کے بعد اندرون 48 گھنٹے ان کا مسئلہ حل کرے گی تاہم کانگریس پارٹی کے اقتدار میں آنے کے 10 ماہ بعد بھی یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکا۔
جی او 317 کے متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے مقامی اضلاع میں اہم عہدوں پر پوسٹنگ چاہتے ہیں۔