بھارت
کیرالا اور شمال مشرق میں مانسون کی آمد
محکمہ موسمیات نے کہا کہ جنوب مغربی مانسون 30مئی2024ء کو کیرالا میں داخل ہوگیا ہے اور ہندوستان کے شمال مشرق کے بیشتر حصوں تک پہنچ چکا ہے۔

نئی دہلی: سمندری طوفان ریمل سے تحریک پاتے ہوئے جنوب مغربی مانسون جمعرات کے روز کیرالا کے ساحل اور شمال مشرق کے چند حصوں تک پہنچ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی دی گئی تاریخ سے ایک دن پہلے ہی مانسون کی آمد ہوئی ہے۔
موسمیاتی سائنسدانوں نے کہا ہے کہ سمندری طوفان جس نے اتوار کے روز مغربی بنگال اور بنگلہ دیش میں تباہی مچائی تھی‘ مانسون کے بہاؤ کو خلیج بنگال میں کھینچ لایا ہے اور شاید شمال مشرق میں اس کی جلد آمد کی یہی وجہ ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ جنوب مغربی مانسون 30مئی2024ء کو کیرالا میں داخل ہوگیا ہے اور ہندوستان کے شمال مشرق کے بیشتر حصوں تک پہنچ چکا ہے۔ 15مئی کو محکمہ موسمیات نے اعلان کیاتھا کہ مانسون 31مئی تک کیرالا پہنچے گا۔