بلڈوزر سیاست کے خلاف عوام کی آواز کیا آپ تک پہنچی؟،کے ٹی آر کا راہول گاندھی سے استفسار
کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ آپ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈ ی کی بلڈوزر سیاست کے خلاف تلنگانہ کے عوام شدید احتجاج کررہے ہیں لیکن آپ نے اب تک کوئی لب کشائی نہیں کی ہے۔
حیدر آباد: بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے کارگزار صدر کے ٹی آر نے آج یہاں لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی سے استفسار کیا ہے کہ آیا کہ بلڈوزر سیاست کے خلاف تلنگانہ کے عوام کی آواز آپ تک نہیں پہنچی۔ راما راؤ نے کانگریس قائد سے کہا کہ وہ حیدر آباد آئیں اور دریائے موسیٰ سے متعلق پروجیکٹ سے متاثرہ عوام سے بات چیت کریں۔
کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ آپ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈ ی کی بلڈوزر سیاست کے خلاف تلنگانہ کے عوام شدید احتجاج کررہے ہیں لیکن آپ نے اب تک کوئی لب کشائی نہیں کی ہے۔
آپ نے وعدہ کیا تھا کہ اگر ایک بچہ بھی آپ سے ملاقات کا خواہاں ہوتو آپ آئیں گے لیکن اب جب کہ تلنگانہ کے عوام چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی بلڈوزر سیاست کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوگئے ہیں، آپ خاموش ہیں۔
سابق وزیر نے اِس سلسلہ میں راہول گاندھی کی تقریر کا ایک ویڈیو کلپ بھی پوسٹ کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جب کبھی اُن کی ضرورت محسوس کی جائے تو وہ آئیں گے۔ بی آر ایس کے سینئر قائد نے کہا کہ موسیٰ ندی کے کنارے رہنے والوں کو تخلیہ کے لئے کہا جارہا ہے۔
حکومت موسیٰ ریور پروجیکٹ کو روبہ عمل لانے کے لئے کنارے پر رہنے والے افراد کا تخلیہ کروانے کی خواہاں ہے۔ اِس مقصد کے لئے مکانات کو منہدم کرنے کے لئے مارکنگ بھی کی گئی ہے۔
انہوں نے حلقہ عنبر پیٹ میں تلسی رام نگر کا دورہ کرکے عوام کو تیقن دیا ہے کہ بی آر ایس متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ مذکورہ پروجیکٹ کو روبہ عمل لانے کے لئے دریائے کے کنارے مکانات کو منہدم کرنے کے لئے حکام کی جانب سے سروے کروایا جارہا ہے۔
میونسپل اڈمنسٹریشن اینڈ اربن ڈیولپمنٹ پرنسپل سکریٹری دانا کشور جو کہ موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے مینجمنٹ ڈائرکٹر بھی ہیں نے کہا کہ حکومت نے دریا کے کنارے مکانات اورتعمیرات کو منہدم کرنے کا عملی منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ کے ٹی آر نے پیر کو مذکورہ پروجیکٹ کو ملک کا ایک بڑا اسکام قرار دیا۔