تلنگانہ SIR: ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں نام ہے تو فائنل لسٹ میں کیا ہوگا؟
تلنگانہ میں 30 نومبر کو قطعی ووٹر لسٹ کی اشاعت، ڈرافٹ فہرست میں نام شامل ہونے والوں کے لیے اطمینان کی کیا وجہ ہے؟ نام حذف ہونے کی صورت میں فارم نمبر 6 کے ذریعے دوبارہ اندراج کا راستہ بھی موجود۔
سوال : میرا نام حافظ ایاز محمد خان ہے اور میں پنشن پورہ، لنگر حوض کا ساکن ہوں۔ میرا سوال یہ ہے کہ SIR کا کام آخری مراحل میں ہے۔ ہم کو کوئی نوٹس نہیں ملی۔ ہمارا نام ڈرافٹ رول میں شامل ہے۔ کیا فائنل ووٹرلسٹ میں نام شامل ہونے کا امکان ہے نہیں ؟ اگر نام فائنل ووٹرلسٹ میں نہیں آتا ہے تو آگے کیا کارروائی کرنی چاہئے ۔ آپ کی وسعت بینی سے لوگوں کی بے چینی دور فرمائیں تو عین نوازش ہوگی۔
جواب: ریاست تلنگانہ میں 30 نومبر 2026کو فائنل یا قطعی ووٹر لسٹ کی اشاعت عمل میں لائی جائے گی۔ تلنگانہ میں ایس آئی آر کے عمل میں تواریخ میں دوبارہ نظر ثانی کی گئی ہے۔ اب قطعی فہرست رائے دہندگان 9 نومبر کے بجائے 30 نومبر کو شائع کی جائے گی۔ ووٹر لسٹ کو تمام پولنگ اسٹیشنس پر آویزاں کیا جائے گا۔ ساتھ ہی ساتھ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی قطعی فہرست رائے دہندگان دستیاب رہے گی۔عوام ووٹر لسٹ میں اپنے نام چیک کر سکتے ہیں۔ جن ریاستوں میں ایس آئی آر کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ ایسی ریاستوں میں الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق ایسے افراد جن کے نام ووٹرلسٹ میں نہیں پائے گئے ہیں۔ وہ دوبارہ فارم نمبر 6 پر کرتے ہوئے نئے ووٹر کے طور پر اپنا نام درج کروا سکتے ہیں۔ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کا آپشن کھلا رکھا گیا ہے۔ ایس آئی آر کے عمل اور الیکشن کمیشن سے متعلق ملک میں جو حالات چل رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے خلاف اس وقت جو ماحول بنا ہوا ہے۔ اس کا اثر ضرور یہ ہوا ہے کہ ایسی ریاستیں جہاں ایس آئی آر کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ وہاں پر جن افراد کے نام فہرست رائے دہندگان میں نہیں پائے گئے ہیں ۔ انہیں ناموں کی دوبارہ شمولیت کے لئے ایک آپشن ضرور دیا جارہا ہے۔ ایسے افراد جن کے نام ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔ وہ فارم نمبر 6 پر کرتے ہوئے نئے ووٹر بن سکتے ہیں۔ ایسی ریاستیں جہاں ایس آئی آر کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ ان ریاستوں میں پھر سے ووٹر لسٹ کی سمری ریویژن کے کام کا آغاز کیا گیا ہے۔ ہر سال ووٹر لسٹ کی سمری ریویژن کا کام انجام دیا جاتا ہے۔ اس طرح سے عوام کے پاس بہت سے آپشنس دستیاب رہیں گے۔ جس کے تحت کوئی بھی شہری بحیثیت ووٹر اپنا نام ووٹر لسٹ میں درج کروا سکتا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ریاست تلنگانہ میں ایس آئی آر کا عمل قطعی مرحلہ میں ہے۔ ایس آئی آر کے تعلق سے عوام میں شعور بیداری کے ساتھ ساتھ سماجی اور سیاسی گروپس کی رہنمائی کا نتیجہ یہ ہوا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں ووٹر لسٹ سے بہت کم نام حذف ہونے کے امکانات ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں دوسری ریاستوں کے مقابلہ میں حالات بہتر نظر آرہے ہیں۔ حذف شدہ ووٹرس کا فیصد بھی دوسری ریاستوں کے مقابلہ میں تلنگانہ میں کم ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ جب گھر گھر سماعت اور نوٹسس کا معاملہ انجام دیا گیا اور گھر گھر پہنچ کر تصدیق کی گئی تب بیشتر افراد نے دستاویزات پیش کئے۔اب تلنگانہ میں 30 نومبر کو قطعی فہرست رائے دہندگان شائع ہوگی اور دیکھنا یہ ہے کہ اس کے بعد تلنگانہ میں کیا صورتحال رہتی ہے۔