حیدرآباد

مذہبی جلوسوں میں ڈی جے، آتشبازی پر پابندی کی وکالت، امتناع کی تائید کرنے سیاسی قائدین کا وعدہ

سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند نے مذہبی جلوسوں میں ڈی جے سسٹم اور آتش بازی کو ممنوع قرار دینے کے لئے عوامی رائے حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

حیدرآباد: سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند نے مذہبی جلوسوں میں ڈی جے سسٹم اور آتش بازی کو ممنوع قرار دینے کے لئے عوامی رائے حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

متعلقہ خبریں
سعودی عرب میں آتش بازی کے سامان کی تیاری اور کاروبار جرم

سی وی آنند نے آج سیاسی قائدین اور مختلف محکموں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ گنیش وسرجن اور میلادالنبیؐ کے جلوسوں میں ڈی جے سسٹم کے استعمال‘ آتشبازی کرنے اور رقص کو خواتین‘ بزرگوں اور عام شہریوں نے ناپسندیدہ عمل قرار دیا۔

ان افراد کا ماننا ہے کہ مذہبی جلوسوں میں ڈی جے سسٹم اور پٹاخے جلانا اور ناچنا ہماری تہذیب کے مغائر ہے۔ ڈی جے اور آتشبازی کی وجہ سے جہاں بزرگوں اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے وہیں طلبہ کو مسابقتی اور پیشہ وارانہ نصاب کے امتحانات کی تیاری میں خلل پڑا۔ ڈی جے کا ایک خراب کلچر آج ہمارے سماج کا حصہ بن چکا ہے۔ اس کے استعمال سے صوتی آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے۔

شہر کے مختلف مذاہب کے قائدین نے جلوسوں میں ڈی جے سسٹم اور آتشبازی پر امتناع عائد کرنے کی وکالت کی ہے۔ اس تناظر میں آج مختلف سیاسی قائدین اور عہدیداروں کا ایک مشاورتی اجلاس یہاں طلب کیا گیا ہے۔ کمشنر نے کہا کہ مشاورت کے بعد ایک رپورٹ تیار کی جائے گی اور اس رپورٹ کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کو پیش کی جائے گی۔

اجلاس میں شریک سیاسی قائدین نے وعدہ کیا کہ وہ جلوسوں میں ڈی جے سسٹم اور آتشبازی پر مکمل امتناع کی تائید کریں گے۔ سی وی آنند نے مزید کہا کہ تمام مقررین نے کہا کہ مذہبی جلوسوں میں ڈی جے سسٹم اور پٹاخے جلانے پر پابندی عائد کی جانی چاہئے۔

خلاف ورزی پ سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ سٹی پولیس کمشنر نے سرپرستوں پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو سمجھائیں کہ ایسی سرگرمیوں سے دور رہنا چاہئے۔ اس موقع پر اڈیشنل کمشنر وکرم سنگھ مان‘ رچہ کنڈہ کمشنر جی سدھیر بابو‘ راجیہ سبھا ایم پی انیل کمار یاو‘ خیریت آباد کے رکن اسمبلی دانم ناگیندر‘ بہادر پورہ کے رکن اسمبلی محمد مبین‘ بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ‘

جی ایچ ایم سی کمشنر امرپالی کٹہ‘ حیدرآباد کلکٹر انودیپ درشٹی‘ پولیس سنٹرل بورڈ ممبر سکریٹری جی روی کے علاوہ کانگریس‘ بی آر ایس‘ بی جے پی‘ سی پی آئی‘ سی پی آئی (ایم)‘ بی ایس پی‘ ایم آئی ایم‘ ایم بی ٹی‘ ٹی ڈی پی‘ ایم آر پی ایس‘ اسٹاک ہولڈرس‘ میلاد کمیٹی‘ گنیش اتسو کمیٹی‘ وی ایچ پی اور تمام ڈپٹی کمشنران‘ انسپکٹرس اور دیگر نے اس پروگرام میں شرکت کی۔

a3w
a3w