بین الاقوامیسوشیل میڈیاقومی
ٹرینڈنگ

سوشل میڈیا کا نیا خطرناک چیلنج، دوسروں کے دروازوں پر لات مارنے کا نیا جنون، پولیس نے کیا خبردار (ویڈیو وائرل)

امریکی شہر اروائن میں ’ڈور کِک چیلنج‘ دوبارہ مقبول، نوجوان اجنبی گھروں کے دروازوں پر لات مار کر ویڈیو بناتے اور فرار ہوجاتے ہیں۔

امریکہ: سوشل میڈیا پر مشہور ہونے اور زیادہ لائکس حاصل کرنے کے لئے نوجوان نت نئے چیلنجز کرتے رہتے ہیں، لیکن بعض اوقات یہ حرکتیں دوسروں کے لئے پریشانی اور خود نوجوانوں کے لئے قانونی مشکلات کا سبب بن جاتی ہیں۔ ایسا ہی ایک خطرناک رجحان امریکہ میں دوبارہ سامنے آیا ہے جس پر کیلیفورنیا کے شہر اروائن کی پولیس نے والدین کو خبردار کیا ہے۔

اس چیلنج کو ’ڈور کِک چیلنج‘ (Door Kick Challenge) کہا جاتا ہے۔ اس میں نوجوان اجنبی لوگوں کے گھروں کے دروازوں پر پوری طاقت سے لات مارتے ہیں، اس حرکت کی ویڈیو بناتے ہیں اور گھر کے مالک کے باہر آنے سے پہلے وہاں سے فرار ہو جاتے ہیں۔

اروائن پولیس نے اپنے فیس بک پیج پر جاری پیغام میں واضح کیا کہ یہ کوئی مذاق یا تفریح نہیں بلکہ توڑ پھوڑ کا عمل ہے، جس کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

پولیس کے مطابق اس حرکت سے گھروں کے دروازوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، گھر میں موجود افراد خوفزدہ ہو سکتے ہیں اور نوجوانوں کا گھر والوں سے سامنا ہونے پر خطرناک صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ توڑ پھوڑ کے معاملے میں نوجوانوں کو قانونی کارروائی اور مجرمانہ الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پولیس نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر چند لائکس اور ہنسی مذاق کے لئے کی جانے والی یہ حرکت کسی کے لئے شدید نقصان یا زخمی ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔

اروائن پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں ایسے خطرناک چیلنجز میں حصہ لینے سے روکیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آن لائن مقبولیت حاصل کرنے کی کوشش میں حقیقی زندگی میں سنگین نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔