تعلیم و روزگارتلنگانہ

تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کا نیا شیڈول

تلنگانہ انٹرمیڈیٹ پبلک امتحانات 2027 کا آغاز 24 فروری سے ہوگا، 20 مارچ تک جاری رہیں گے امتحانات، رمضان اور مہاشیو راتری کے پیش نظر مختلف مضامین کے درمیان وقفہ بڑھایا گیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو اس سال امتحانات کے لئے تقریباً ایک ماہ کا وقت دینا ہوگا۔ ریاستی حکومت نے انٹرمیڈیٹ پبلک امتحانات 2027 کے شیڈول کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ امتحانات کا آغاز 24 فروری سے ہوگا اور یہ 20 مارچ تک جاری رہیں گے۔

حکومت نے امتحانات کے نئے شیڈول کو منظوری دے دی ہے۔ تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن (TG BIE) جلد ہی امتحانات کا تفصیلی ٹائم ٹیبل جاری کرے گا۔

نئے شیڈول کے مطابق، انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے امتحانات 24 فروری سے شروع ہوں گے، جبکہ سیکنڈ ایئر کے امتحانات 26 فروری سے منعقد کیے جائیں گے۔

عام طور پر انٹرمیڈیٹ کے امتحانات دو ہفتوں سے کچھ زیادہ عرصہ میں مکمل ہوجاتے ہیں اور مضامین کے درمیان ایک دن کا وقفہ دیا جاتا ہے۔ تاہم، اس مرتبہ طلبہ کو مختلف مضامین کے امتحانات کے درمیان زیادہ وقت دیا جائے گا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، زبان کے پرچوں کے درمیان دو دن، ریاضی کے امتحان سے قبل چار دن اور کیمسٹری کے امتحان سے قبل پانچ دن کا وقفہ ہوگا۔ رمضان اور مہاشیو راتری جیسے تہواروں کو پیش نظر رکھتے ہوئے امتحانات کے درمیان یہ وقفہ بڑھائے گئے ہیں۔

حکومت کا مقصد طلبہ کو تیاری کے لئے زیادہ وقت دینا اور امتحانات کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔ اس مرتبہ امتحانات کا شیڈول سی بی ایس ای کے طرز پر تیار کیا گیا ہے۔

تاہم، امتحانات کے درمیان زیادہ وقفہ دینے کے فیصلے پر بعض جونیر لیکچررس نے تشویش ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ طویل وقفہ سے بعض طلبہ کی پڑھائی میں دلچسپی کم ہوسکتی ہے اور وہ امتحانات کی تیاری پر توجہ کھو سکتے ہیں۔ دیہی علاقوں کے بعض طلبہ اس دوران روزانہ اجرت پر کام کرنے کے لئے بھی جاسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ، امتحانات کا دورانیہ بڑھنے سے نتائج کے اعلان میں بھی تاخیر کا امکان ہے۔ اس کا اثر انٹرمیڈیٹ ایڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات اور ڈگری کالجوں میں داخلوں پر بھی پڑسکتا ہے۔

واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ کے جوابی پرچوں کی جانچ کے لئے سرکاری جونیر کالجوں کے بیشتر لکچررس کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ اس وجہ سے ان کالجوں میں تدریسی سرگرمیاں اور طلبہ کے داخلہ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔