حائیڈرا پرجاوانی میں لوگوں کی بھیڑ، سرکاری زمینوں، نالوں، غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درجنوں شکایات درج
ہفتے کے آغاز پر حائیڈرا پراجا وانی پروگرام میں عوام کی جانب سے سرکاری زمینوں پر قبضوں، نالوں کی بندش، غیر قانونی تعمیرات اور تنازعہ زدہ زمینوں کی خرید و فروخت سے متعلق کل 47 شکایات موصول ہوئیں۔
ہفتے کے آغاز پر حائیڈرا پراجا وانی پروگرام میں عوام کی جانب سے سرکاری زمینوں پر قبضوں، نالوں کی بندش، غیر قانونی تعمیرات اور تنازعہ زدہ زمینوں کی خرید و فروخت سے متعلق کل 47 شکایات موصول ہوئیں۔ شہریوں نے الزام لگایا کہ بااثر افراد مقدمہ بازی والی یا سرکاری زمینوں کی تفصیلات حاصل کرکے خاموشی سے قبضہ جمانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حائیڈرا کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ورلا پاپیا نے تمام شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو کارروائی کی ذمہ داری سونپی۔
شہریوں نے بتایا کہ تنازعہ زدہ سروے نمبرز، پارکس، سڑکوں کے کنارے موجود زمینیں، تالابوں سے متصل علاقوں اور نالوں کو بھی چھوڑا نہیں جا رہا۔ کئی افراد LRS نہ ہونے کی وجہ سے زمینوں کو اپنے نام منتقل نہیں کر پا رہے، تاہم قبضے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔
میدچل–ملکاجگیری ضلع کے گنڈی موسیٰ منڈل کے بہادر پلی گاؤں میں سروے نمبر 227 کی 353 ایکڑ سرکاری زمین پر قبضے کی شکایت درج ہوئی۔ ایک کمپنی اور ایک سوسائٹی کے قبضے کا الزام لگایا گیا۔ جوائنٹ کلیکٹر نے اسے پہلے بھی سرکاری زمین قرار دیا تھا، اور ہائی کورٹ کے حکم پر دوبارہ کیے گئے سروے میں بھی اس کی تصدیق ہوئی۔ اس کے باوجود وہاں غیر قانونی مکانات اور ایک فنکشن ہال تعمیر کیا جاچکا ہے، جہاں تقریباً 70 ہزار روپے فی تقریب وصول کیے جا رہے ہیں۔ شکایت کنندگان نے عدالت کے فیصلے تک مزید تعمیرات روکنے اور زمین کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔
ناگارم میونسپلٹی کے ویسٹ گاندھی نگر اور دیگر کالونیوں کے رہائشیوں نے شکایت کی کہ نالوں کی بندش کے باعث برساتی اور موری کا پانی بہنے سے رک گیا ہے۔ بتایا گیا کہ کوماٹی کنٹہ تک جانے والا نالا بھر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے اوپری کالونیوں میں پانی جمع ہونے لگا۔ 4 ہزار گز کے پلاٹ کے نئے مالک نے پرانے معاہدے پر عمل نہیں کیا اور نالہ تباہ کردیا، جس سے شدید مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ شہریوں نے پرانے نالے کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔
رنگاریڈی ضلع کی سرور نگر منڈل کے سری رمن کالونی میں سرکاری زمین پر آٹھ غیر قانونی دکانیں تعمیر کرنے کی شکایت موصول ہوئی۔ مقامی باشندوں نے کہا کہ کئی محکموں میں شکایات دینے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے 700 گز سرکاری زمین کو عوامی استعمال کے لیے مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔
پوچارم میونسپلٹی کے ایک شِلا نگر کالونی کے رہائشیوں نے بتایا کہ پارک، پولیس اسٹیشن، پوسٹ آفس اور عوامی سہولتوں کے لیے رکھی گئی زمینوں پر بھی قبضے کیے جا رہے ہیں۔ 50 فٹ چوڑی سڑک کو غیر قانونی تجاوزات کرکے صرف 15 فٹ تک محدود کر دیا گیا ہے، جس سے آمدورفت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ شہریوں نے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
عوام کا کہنا ہے کہ سرکاری زمینوں کے تحفظ، نالوں کی بحالی اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔ حائیڈرا حکام نے یقین دلایا ہے کہ تمام شکایات کا تفصیلی جائزہ لے کر کارروائی کی جائے گی۔