اندرا ما ٹاورس فلیٹس الاٹمنٹ کیلئے دوبارہ قرعہ اندازی
تلنگانہ ہاؤزنگ بورڈ کی جانب سے اندرامّا ٹاورس اسکیم کے تحت فلیٹس کی الاٹمنٹ کے لیے ایک اور مرحلے کی قرعہ اندازی منعقد کی جا رہی ہے۔
حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) تلنگانہ ہاؤزنگ بورڈ کی جانب سے اندرامّا ٹاورس اسکیم کے تحت فلیٹس کی الاٹمنٹ کے لیے ایک اور مرحلے کی قرعہ اندازی منعقد کی جا رہی ہے۔ پہلے ہی منتخب کیے گئے بعض استفادہ کنندگان کے دستبردار ہونے اور کچھ افراد کے نااہل قرار دیے جانے کے نتیجہ میں خالی رہ جانے والے فلیٹس کو دوبارہ الاٹ کرنے کے لیے 4 نومبر کو ماپ اَپ قرعہ اندازی منعقد ہوگی۔
اس کے علاوہ 3 نومبر کو چار اسمبلی حلقوں میں نئے استفادہ کنندگان کے انتخاب کے لیے ای لاٹری کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ ہاؤزنگ بورڈ کے وائس چیئرمین وی پی گوتم نے یہ تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مشیرآباد، ایل بی نگر، چندرائن گٹہ اور گوشہ محل اسمبلی حلقوں میں اندرامّا ٹاورس کے فلیٹس کی الاٹمنٹ کے لیے 3 نومبر کو آن لائن قرعہ اندازی منعقد کی جائے گی۔
ان چاروں حلقوں میں موصولہ درخواستوں کی ابتدائی جانچ مکمل کرلی گئی ہے اور اہل درخواست گزاروں کے شفاف انتخاب کے لیے ای لاٹری کا طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل 16 اسمبلی حلقوں میں الاٹ کیے گئے فلیٹس میں سے بعض کی الاٹمنٹ مختلف وجوہات کی بنا پر منسوخ کردی گئی ہے۔
بعض استفادہ کنندگان کے پاس پہلے ہی مکان موجود ہونے، مقررہ مدت کے اندر ایک لاکھ روپے جمع نہ کروانے اور متعلقہ اسمبلی حلقے میں رہائش نہ ہونے جیسے اسباب کی بنیاد پر ان کی الاٹمنٹ منسوخ کی گئی ہے۔ اس طرح خالی رہ جانے والے فلیٹس پہلے سے درخواستیں داخل کرنے والے اہل امیدواروں کو 4 نومبر کو منعقد ہونے والی میپ اَپ لاٹری کے ذریعہ الاٹ کیے جائیں گے۔
دونوں قرعہ اندازی کے عمل کو مکمل طور پر شفاف انداز میں آن لائن انجام دیا جائے گا اور اس کی براہ راست نشریات محکمہ ہاؤزنگ کے یوٹیوب چینل اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کی جائیں گی تاکہ عوام اس عمل کا خود مشاہدہ کرسکیں اور شفافیت پر اعتماد حاصل ہو۔ درخواست گزاروں کے رہائشی پتوں کی بنیاد پر جیو کوڈنگ اور گوگل میپس کی مدد سے انہیں متعلقہ اسمبلی حلقوں میں شامل کیا گیا ہے۔