آندھرا پردیش کے ضلع پلناڈو میں زلزلے کے جھٹکے
نیشنل سنٹر فار سیسمولوجی کی رپورٹ کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی۔ حکام نے نشاندہی کی ہے کہ زلزلے کا مرکز ضلع پلناڈو کے علاقہ ونوکنڈہ سے تقریباً 20 کلومیٹر دور زمین میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
حیدرآباد: آندھرا پردیش کے ضلع پلناڈو میں جمعرات کی صبح زلزلے کے ہلکے جھٹکوں سے مقامی افراد خوفزدہ ہوگئے۔
لوگ گہری نیند میں تھے کہ اچانک زلزلہ سے گھروں میں موجود اشیاء ہلنے لگیں جس سے عوام خوفزدہ ہو کر کھلے میدانوں کی طرف بھاگ کھڑے ہوئے۔
نیشنل سنٹر فار سیسمولوجی کی رپورٹ کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی۔ حکام نے نشاندہی کی ہے کہ زلزلے کا مرکز ضلع پلناڈو کے علاقہ ونوکنڈہ سے تقریباً 20 کلومیٹر دور زمین میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
ان جھٹکوں کے اثرات ونوکنڈہ کے ساتھ ساتھ ضلع پرکاشم کے علاقہ درشی اور اس کے گردونواح کے دیہاتوں میں بھی واضح طور پر محسوس کئے گئے۔
راحت کی بات یہ ہے کہ حکام نے ابھی تک زلزلے کی وجہ سے کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں کی ہے تاہم ماہرین ارضیات کی وارننگ نے تشویش بڑھا دی ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید جھٹکوں کا امکان مسترد نہیں کیا جا سکتا، اس لئے عوام کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بھی اسی طرح کے واقعات پیش آئے تھے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ زمین کی اندرونی تہوں میں پلیٹوں کی نقل و حرکت یا مقامی جغرافیائی تبدیلیوں کی وجہ سے اب جنوبی ہندوستان کے علاقوں میں بھی زلزلوں کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لئے تیار رہیں اور گھبرانے کے بجائے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔