رام مندر کے ”شدھی کرن“ پر زور (ویڈیو)
مہاراشٹرا کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے مہاوکاس اگھاڑی کے برسراقتدار آنے کی صورت میں رام مندر کے شدھی کرن کی بات کہہ کر نیا تنازعہ پیدا کردیا۔

نئی دہلی: مہاراشٹرا کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے مہاوکاس اگھاڑی کے برسراقتدار آنے کی صورت میں رام مندر کے شدھی کرن کی بات کہہ کر نیا تنازعہ پیدا کردیا۔
ایودھیا کے رام مندر پر پٹولے کے ریمارکس نے بی جے پی کونیا ہتھیار دے دیا۔ پٹولے نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پران پرتشٹھا کرنے سے قبل صحیح رسومات پر عمل نہیں کیا۔ شنکر آچاریائیوں نے بھی اس سے عدم اتفاق کیا۔ لوگ بھی مندر کا شدھی کرن چاہتے ہیں۔
کس قسم کے شدھی کرن پر پٹولے نے کہا کہ ہندو مذہب کے بڑے پنڈت شنکرآچاریہ ہندو روایات کے مطابق قابل قبول پران پرتشٹھا تقریب کی قیادت کریں گے۔“ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شنکرآچاریاؤں نے اس وقت بھی پران پرتشٹھان تقریب کی مخالفت کی تھی مگر بی جے پی اور وزیراعظم نے اسے نظرانداز کیا۔
مہاراشٹرا کانگریس صدر کے ریمارکس سے نیا تنازعہ پیدا ہوگا اور یہ بی جے پی کے شدید ردعمل کو دعوت دے گا۔ قدیم سیاسی جماعت چھوڑنے والے پرمود کرشنن نے توہین آمیز اور رسوا کن ریمارکس پر نانا پٹولے پر تنقید کی۔ یہ عجیب اور مضحکہ خیز بیان ہے۔
بھگوان رام کا نام لینے سے انسان پوتر بن جاتا ہے۔ ان کا نام لینے سے ہمارے سارے گناہ دھل جاتے ہیں۔ شدھی کرن سے کانگریس کیا کہنا چاہتی ہے؟“
انہوں نے کانگریس کو مشورہ دیا کہ وہ شدھی کرن کی بات کرنے سے پہلے بھگوان رام کے خلاف اپنی نفرت سے چھٹکارا حاصل کرے۔ اگر کانگریس اس طرح کی بیان بازی جاری رکھتی ہے تو یہ پارٹی کو تباہ کردے گی۔“