اندراگاندھی نے 1977 کا الیکشن جیتنے کاروبار ی گھرانوں سے سازباز کی تھی: نشی کانت دوبے
(آئی اے این ایس) بی جے پی رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے پیر کے دن دعویٰ کیا کہ 1977 کے الیکشن میں اس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی نے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کے لئے تقریبا 113 کروڑ روپئے خرچ کئے تھے۔
نئی دہلی (آئی اے این ایس) بی جے پی رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے پیر کے دن دعویٰ کیا کہ 1977 کے الیکشن میں اس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی نے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کے لئے تقریبا 113 کروڑ روپئے خرچ کئے تھے۔ بی جے پی قائد نے 1978 کی ایک اخباری رپورٹ کے حوالہ سے یہ سنسنی خیز دعویٰ کیا۔
انہوں نے کہا کہ انٹلی جینس بیورو (آئی بی) کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ آنجہانی وزیراعظم اندرا گاندھی کو 1977 کے لوک سبھا الیکشن کے دوران کانگریس کی انتخابی مہم چلانے کے لئے صنعت کاروں سے 113 کروڑ روپیوں کے عطیات ملے تھے۔ نشی کانت دوبے نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ لوک سبھا الیکشن لڑنے والے ہر کانگریس امیدوار کو 2 لاکھ روپئے اور 2 جیپ گاڑیاں دی گئی تھیں۔
دوبے نے جو اخباری تراشہ شیئر کیا وہ 1978 میں پارلیمنٹ میں پیش کی گئی آئی بی رپورٹ کے میڈیا کوریج سے متعلق ہے۔ رپورٹ میں ان صنعت کاروں کے نام دیئے گئے جنہوں نے کانگریس پارٹی کی انتخابی مہم کے لئے چندہ دیا تھا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اس وقت کے وزیراعظم مرار جی دیسائی نے یہ کہتے ہوئے کارروائی سے انکار کردیا تھا کہ الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کو ایسی فنڈنگ ملتی ہے۔
نشی کانت دوبے نے کہا کہ اندرا گاندھی نے 113 کروڑ روپئے خرچ کئے تھے جو آج کے 25 ہزار کروڑ روپیوں کے برابر ہیں۔ آنجہانی صنعت کار آر پی گوئنکا کا نام لیتے ہوئے بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے الزام عائد کیا کہ وہ کانگریس کو زیادہ چندہ دینے والوں میں ایک تھے۔ آر پی جی کمپنی کے مالک نے سب سے بڑا چندہ دیا تھا۔
3 اکتوبر 1977 کو انہیں کالا دھن کے استعمال کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ 1957تا 1977 برلا گروپ نے کانگریس کو مسلسل پیسہ دے کر لائسنس لئے تھے۔ کوکا کولا اور آئی بی ایم جیسی کمپنیوں نے بھی پیسہ دیا تھا۔ اندرا گاندھی نے جنتا پارٹی کو کمزور کرنے اور توڑنے کے لئے کام کیا تھا۔