حیدرآبادقومی

داڑھی رکھنے سے کوئی مولانا نہیں بن جاتا، اسد اویسی پر اعظم خان کے طنز پر سیاسی حلقوں میں بحث

اسد الدین اویسی کی یوپی سیاست میں انٹری کے حوالے سے سماج وادی پارٹی کے سینئر قائد اعظم خان کے تبصرے نے سیاسی حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے۔ داڑھی اور مولانا سے متعلق ان کے بیان پر کانگریس سمیت مختلف سیاسی قائدین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔

نئی دہلی:(آئی اے این ایس) سماج وادی پارٹی قائد محمد اعظم خان نے مجلس کے صدر اسد الدین اویسی کی داڑھی کے تعلق سے جو ریمارک کیا تھا اس پر سیاسی قائدین کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ اعظم خان نے کہا تھا کہ داڑھی رکھنے سے کوئی بھی مولانا نہیں بن جاتا۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے اس پر اعتراض کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسا کہنا ٹھیک نہیں۔ داڑھی آپ رکھیں یا نہ رکھیں لیکن اس کا احترام کیا جانا چاہئے۔ کانگریس کے ترجمان سریندر راجپوت نے تاہم اعظم خان کے ریمارکس کا خیرمقدم کیا اور اویسی پر طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس کے سربراہ اور ان کے حامیوں کو حیدرآباد واپس چلے جانا چاہئے۔ اعظم خان کے بیان کا کھلے دل سے خیر مقدم کرنا چاہئے۔

بی جے پی نے انہیں 10 سال جیل میں رکھا لیکن ان کے رویہ میں کوئی بھی تبدیلی نہیں آئی، اعظم خان زندہ آباد۔ خان صاحب آپ نے اویسی کو ان کی اوقات دکھادی۔ حیدرآباد سے بی جے پی کی تائید میں یوپی آنے والوں کو اپنا بوریا بستر لپیٹ کر واپس چلے جانا چاہئے۔ لکھنوی بریانی، پلاؤ، دم پلاؤ کھائیے اور حیدرآباد واپس چلے جائیے۔

پورنیہ کے رکن پارلیمنٹ پپو یادو نے بھی اعظم خان کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خان سینئر لیڈر ہیں جو ہمیشہ سیکولر تحریک کے حق میں بولتے رہتے ہیں۔ سریندر راجپوت نے اعظم خان کو قدآور شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کی قربانیوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اعظم صاحب میرے لئے پتاجی کے برابر ہیں۔

دنیا میں لوگ اپنے لئے جیتے ہیں لیکن اعظم خان نے دوسروں کے لئے جیا ہے۔ انہوں نے اپنی فیملی بشمول جوہر یونیورسٹی کا سب کچھ قربان کردیا۔ سریندر راجپوت نے یہ بھی کہا کہ مسلمانوں کو ان کی معاشی، سیاسی اور سماجی طاقت کی وجہ سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔

ہندوستانی سیاسی قائدین بشمول وزیراعظم اور آر ایس ایس سربراہ اپنے بیرونی دوروں میں ہندوستانی مسلمانوں کی آؤ بھگت کرتے ہیں۔ یوپی کی سیاست میں اسد اویسی کی انٹری کے بارے میں پوچھنے پر اعظم خان نے کہا تھا کہ وہ مولانا نہیں ہیں۔ داڑھی رکھنے سے کوئی مولانا نہیں بن جاتا۔