جموں و کشمیر

اننت ناگ میں بھیانک آتشزدگی، دارالعلوم کی عمارت اور تین رہائشی مکانوں کو نقصان، ہزاروں کتابیں بھی خاکستر

جنوبی ضلع اننت ناگ میں اتوار کی شام آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں دارلعلوم اور تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔

سری نگر: جنوبی ضلع اننت ناگ میں اتوار کی شام آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں دارلعلوم اور تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ دارالعلوم ادارہ تحقیقاتی اسلام کی عمارت میں موجود ہزاروں کتابیں بھی خاکستر ہوئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اننت ناگ میں اتوار کی شام دارلعلوم ادارہ تحقیقاتی اسلام کی عمارت سے آگ نمودار ہوئی جس نے آنا ًفاناً عمارت کو پوری طرح سے لپیٹ میں لے لیا۔

معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگ فوری طور پر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں دارلعلوم کی اوپری منزل اور مزید تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔

فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ اتوار کی شام دارلعلوم تحقیقات اسلام کی عمارت سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پرپہنچے ۔

انہوں نے بتایا کہ سات فائر ٹینڈروں اور دو انجنوں کی مدد سے آگ پر قابوپایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں دارلعلوم کی اوپری منزل اور مزید تین مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔

دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔