مودی کابینہ کی تشکیل نو کی تیاری، آج ردوبدل ممکن
راشٹرپتی بھون کے دربار ہال میں کل دوپہر نئے وزراء کو حلف دلائے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ چھ سے زائد وزرا کو حکومت سے ہٹا کر پارٹی کی تنظیم میں بھیجنے کی بات ہو رہی ہے۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی چہارشنبہ کو لوک سبھا انتخابات سے قبل آخری بار اپنی کابینہ کی تشکیل نو کر سکتے ہیں اور اس میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) میں شامل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی اتحادی جماعتوں کے کچھ لیڈروں کو جگہ دئیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ راشٹرپتی بھون کے دربار ہال میں کل دوپہر نئے وزراء کو حلف دلائے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ چھ سے زائد وزرا کو حکومت سے ہٹا کر پارٹی کی تنظیم میں بھیجنے کی بات ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق کئی وزراء نے تو اپنی وزارت کے پروگراموں میں شرکت ملتوی کر دی ہے۔ وہ کابینہ میں تنظیم نو میں اپنے مستقبل کے حوالے سے شش وپنج میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کا پہلے دارالحکومت سے باہر جانے کا پروگرام تھا جسے حلف برداری کی تقریب کے لیے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ مودی کابینہ میں یہ آخری ردوبدل ہو گا۔
بتایا جاتا ہے کہ مسٹر مودی آئندہ لوک سبھا انتخابات سے قبل آخری بار اپنی وزراء کونسل کی از سر نو تشکیل کرنا چاہتے ہیں۔ موجودہ سیاسی منظر نامے میں اپوزیشن کے سخت چیلنج کے پیش نظر مانا جا رہا ہے کہ کئی اہم وزراء کو بی جے پی کے تنظیم میں بھیجا جا سکتا ہے اور اتر پردیش، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، تلنگانہ اور بہار سے کچھ نئے چہروں کو جگہ دی جاسکتی ہے۔
اس سلسلے میں بی جے پی کی اعلیٰ قیادت نے کئی دور کی میٹنگیں کی ہیں۔ ان میٹنگوں میں بنیادی طور پرمرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی کے صدر جے پی نڈا اور بی جے پی کے تنظیمی جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش شامل رہے ہیں۔ ان تینوں لیڈروں نے 28 جون کو وزیر اعظم مودی کے ساتھ بھی غوروخوض کیا۔ ان ملاقاتوں کے بعد وزراء کونسل میں تنظیم نو کی قیاس آرائیوں نے زور پکڑ لیا۔