تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں گرامین ریجنل بینک میں آتشزدگی
اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی۔ فائر بریگیڈ کے عہدیداربھی موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کوشش شروع کی تاہم، آگ کی شدت کے باعث کوئی بھی بینک کے اندر داخل نہ ہو سکا۔ فائر بریگیڈ کے عملہ نے تقریباً دو گھنٹے کی سخت کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے نظام آباد ضلع مستقرکے سبھاش نگر علاقہ میں واقع تلنگانہ گرامین ریجنل بینک میں کل رات ایک خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ اس واقعہ میں بینک کے اندر موجود کمپیوٹر، اے سی اور دیگر تمام قیمتی دستاویزات جل کر خاکستر ہو گئے۔
پولیس کے مطابق کل رات بینک کے اندر سے پہلے دھواں اٹھتے دیکھا گیا، جس کے بعد آگ کے شعلے بلند ہونے لگے۔ مقامی افرادنے فوری طور پر پولیس اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی۔ فائر بریگیڈ کے عہدیداربھی موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کوشش شروع کی تاہم، آگ کی شدت کے باعث کوئی بھی بینک کے اندر داخل نہ ہو سکا۔ فائر بریگیڈ کے عملہ نے تقریباً دو گھنٹے کی سخت کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔
آگ بجھنے کے بعد پولیس اور بینک کے عملے نے اندر جا کر جائزہ لیا۔ حکام نے بتایا کہ اس واقعہ میں 25 کمپیوٹر، 7 اے سی یونٹ اور کئی قیمتی دستاویزات سمیت بینک کا تمام دفتری سامان جل کر تباہ ہو گیا۔ پولیس نے قیمتی دستاویزات کو بچانے کی کوشش کی، مگر کامیابی نہ مل سکی۔
تھری ٹاؤن ایس آئی ہری بابو نے بتایا کہ بینک منیجر وارانسی رنجیت کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ چونکہ آگ لگنے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں، اسی لئے پولیس اس پہلو سے تفتیش کر رہی ہے کہ آیا یہ واقعہ الیکٹرک شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پیش آیا یا اس کی کوئی اور وجہ تھی۔