لاج میں آگ۔ایک شخص زندہ جھلس کر ہلاک
آندھرا پردیش کے ضلع کڑپہ کے راجم پیٹ میں ایک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ریلوے اسٹیشن روڈ پر واقع دیپ لاج میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس افسوسناک واقعہ میں ایک شخص شعلوں کی لپیٹ میں زندہ جھلس کر ہلاک ہوگیا جبکہ کئی افراد نے عمارت سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔
حیدرآباد: آندھرا پردیش کے ضلع کڑپہ کے راجم پیٹ میں ایک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ریلوے اسٹیشن روڈ پر واقع دیپ لاج میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس افسوسناک واقعہ میں ایک شخص شعلوں کی لپیٹ میں زندہ جھلس کر ہلاک ہوگیا جبکہ کئی افراد نے عمارت سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔
ذرائع کے مطابق جس وقت لاج میں آگ لگی وہاں 39 مسافر مقیم تھے۔ آگ لگتے ہی وہاں افرا تفری مچ گئی اور لوگوں نے باہر کی طرف دوڑنا شروع کر دیا۔ اس بھگدڑ کے دوران بدقسمتی سے ایک شخص آگ میں پھنس کر رہ گیا اورزندہ جھلس کرہلاک ہوگیا۔ مہلوک کی شناخت 35 سالہ سرینواسلو کے طور پر ہوئی ہے جو راجم پیٹ کے ایک مقامی سوپرکے مارٹ کا ملازم بتایا جاتا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ اتنی شدید تھی کہ لاج کی پہلی منزل پر موجود بعض مسافروں کو باہر نکلنے کا راستہ نہیں ملا، جس پر انہوں نے جان بچانے کے لئے کھڑکیوں سے نیچے چھلانگ لگا دی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں اور پولیس وہان پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ عملہ نے عمارت میں پھنسے کئی افرادکو بحفاظت باہر نکالا اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔
آگ کی شدت کی وجہ سے لاج کا تمام فرنیچر اور قیمتی سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا ہے۔ حکام کا ابتدائی اندازہ ہے کہ یہ حادثہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعہ کی جانچ شروع کردی۔