آندھرا پردیش میں قومی شاہراہ سے فضائیہ کے جنگی طیاروں کی پرواز
فضائیہ کے جنگی اور ٹرانسپورٹ طیاروں نے پھرسے آندھرا پردیش میں ضلع باپٹلا کے اڈانکی میں قومی شاہراہ پر لینڈنگ اور ٹیک آف کرکے اپنی صلاحیت اور مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔
نئی دہلی: فضائیہ کے جنگی اور ٹرانسپورٹ طیاروں نے پھرسے آندھرا پردیش میں ضلع باپٹلا کے اڈانکی میں قومی شاہراہ پر لینڈنگ اور ٹیک آف کرکے اپنی صلاحیت اور مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔
فضائیہ نے منگل کے روز ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ اس کے سخوئی-30 اور ہاک جنگی طیارے پیر کے روز ضلع باپٹلا میں اڈانکی کے قریب نیشنل ہائی وے 16 پر اترے اور بعد میں وہاں سے اڑان بھری۔
ان طیاروں نے قومی شاہراہ کو ہنگامی لینڈنگ کی سہولت کے طور پر استعمال کیا۔ بعد ازاں فضائیہ کے کارگو طیارے AN-32 اور ڈورنیئر ٹرانسپورٹ طیارے بھی وہاں اترے اور ہائی وے پر بنی اس پٹی سے ٹیک آف کیا۔
اس پیچیدہ آپریشن کے دوران نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا، ضلع انتظامیہ، ریاستی پولس اور فضائیہ کے درمیان بہتر تال میل دیکھا گیا۔
اس سے قبل بھی فضائیہ ملک کے مختلف حصوں میں قومی شاہراہوں پر جنگی طیارے اتار چکی ہے۔