مشرق وسطیٰ

امریکی-برطانوی بحریہ نے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر 10 فضائی حملے کیے

بحیرہ احمر میں تعینات امریکی اور برطانوی بحری افواج نے پیر کے روز یمن کے بندرگاہی شہر حدیدہ میں حوثیوں کے فوجی ٹھکانوں پر دس فضائی حملے کیے۔

صنعاء: بحیرہ احمر میں تعینات امریکی اور برطانوی بحری افواج نے پیر کے روز یمن کے بندرگاہی شہر حدیدہ میں حوثیوں کے فوجی ٹھکانوں پر دس فضائی حملے کیے۔

متعلقہ خبریں
لبنان میں نقل مقام کرنے والوں کے لئے 867مراکز کا قیام
یمن میں تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ، 45 افراد ڈوب گئے
امریکہ نے تمام جہازوں کی آمدورفت خطرہ میں ڈال دی:نصراللہ
غزہ پر اسرائیلی بربریت میں اقوام متحدہ کے 9 ملازمین ہلاک

مقامی باشندوں اور حوثیوں کے زیر انتظام المسیرہ ٹی وی نے یہ اطلاع دی۔

حوثی ٹیلی ویژن کے مطابق، چھ حملے شہر کے مغربی حصے میں الجبانہ کے علاقے میں ہوئے، جب کہ چار حملے جنوب میں واقع الفضہ ساحل پر کیے گئے۔ تاہم، حملوں میں کسی جانی نقصان کی وضاحت نہیں کی گئی۔

ساحلی شہر کے باشندوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کہا کہ حوثیوں کے زیر کنٹرول اہداف پر بہت طاقتورحملے کیے گئے۔

اس حوالے سے امریکی اور برطانوی اتحاد کی جانب سے ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

حوثیوں نے گزشتہ سال نومبر میں غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں کے خلاف بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں تجارتی بحری جہازوں پر حملے شروع کیے تھے۔

جواب میں، امریکی اور برطانوی بحریہ نے جنوری کے وسط سے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی اور میزائل حملے شروع کیے ہیں۔