سکم میں بادل پھٹنے سے سیلاب مہلوکین کی تعداد میں اضافہ۔ 102 افراد ہنوز لاپتہ (ویڈیو)
شمالی سکم کی ایل ہوناک جھیل پر بادل پھٹنے کے واقعہ کے نتیجہ میں 14 افراد ہلاک اور دیگر 102 لاپتہ ہوگئے جن میں 22 فوجی بھی شامل ہے۔عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی۔

گینگٹوک: شمالی سکم کی ایل ہوناک جھیل پر بادل پھٹنے کے واقعہ کے نتیجہ میں 14 افراد ہلاک اور دیگر 102 لاپتہ ہوگئے جن میں 22 فوجی بھی شامل ہے۔عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی۔
سکم اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی (ایس ایس ڈی ایم اے) نے اپنے تازہ بلیٹن میں کہا کہ اب تک 2011 افراد کو بچایا جاچکا ہے۔ چہارشنبہ کو رونما ہونے والے اس واقعہ میں 22,034 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے 4 متاثرہ اضلاع میں 26 ریلیف کیمپس قائم کئے ہیں۔
ضلع گینگٹوک کے 8 ریلیف کیمپس میں جملہ 1025 افراد پناہ گزیں ہیں جبکہ دیگر 18 ریلیف کیمپس میں پناہ لینے والوں کی تعداد کا فوری طورپر پتہ نہیں چل سکا۔ چیف منسٹر پریم سنگھ تمنگ نے بدترین متاثرہ علاقوں بشمول سنگٹم کا دورہ کیا اور صورتِ حال کا جائزہ لیا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ چوکس رہیں اور محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔ انہوں نے تیقن دیا کہ حکومت ان کی بازآبادکاری کے لئے تمام ضروری انتظامات کررہی ہے۔ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد تمنگ نے سنگٹم کمیونٹی سنٹر میں ایک ایمرجنسی میٹنگ کی بھی صدارت کی۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ سب کو تیقن دیتا ہوں کہ حکومت تمام تر ضروری امداد اور ضرورت مندوں کو راحت فراہم کرنے کی پوری طرح پابند ہے۔ ہم اس صورتِ حال کی سنگینی کو سمجھتے ہیں اور اپنے شہریوں کی حفاظت و سلامتی کے لئے تمام تر دستیاب وسائل کو متحرک کررہے ہیں۔
ہماری پابند ِ عہد ٹیمیں اس آفت ِ سماوی کی وجہ سے پیدا ہونے والے چیلنجس سے نمٹنے کے لئے دن رات کام کررہی ہیں۔ میں انتظامیہ‘ مقامی حکام‘ تمام تنظیموں اور افراد سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ یکجہتی اور تعاون کے جذبہ کو فروغ دینے متحد ہوجائیں۔ آج ہم متاثرین کو راحت فراہم کرنے اور اپنی برادریوں کی تعمیرنو کے لئے ایک قابل لحاظ فرق لاسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ شمالی سکم کی ایل ہوناک جھیل پر بادل پھٹنے کے بعد دریائے تیستا میں سیلاب آگیا اور بھاری مقدار میں پانی جمع ہوگیا جو چنگ تھانگ ڈیم کی طرف بڑھنے لگا اور نیچے گرنے سے پہلے برقی انفرااسٹرکچر کو تباہ کردیا۔ ٹاؤنس اور مواضعات میں سیلاب آگیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ چیف منسٹر‘ مرکز کے ساتھ مسلسل ربط میں ہیں۔
انہوں نے فون پر وزیراعظم نریندر مودی سے بات چیت کی اور انہیں صورتِ حال سے واقف کرایا۔ وزیراعظم نے ریاست کے لئے ہرممکن مدد فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ سیلاب نے ریاست میں 11 پلوں کو تباہ کردیا۔ صرف ضلع منگن میں 8 پل بہہ گئے۔ نامچی میں 2پل اور گینگٹوک میں ایک پل تباہ ہوگیا۔ 4 متاثرہ اضلاع میں واٹر پائپ لائنس‘ سیویج لائنس اور 277کچے اور کنکریٹ مکانات تباہ ہوگئے۔