حیدرآبادسوشیل میڈیا

لولو ہائپر مارکٹ، کے پی ایچ بی کالونی میں فوڈ سیفٹی حکام کا چھاپہ، 150 کلو آلودہ غذائی اشیاء ضبط

فوڈ سیفٹی حکام نے موصولہ شکایت کی بنیاد پر Lulu Hypermarket میں اچانک معائنہ انجام دیا، جس کے دوران سپر مارکٹ کے مختلف شعبوں میں سنگین خلاف ورزیوں اور ناقص صفائی کے انکشافات سامنے آئے۔ حکام کی کارروائی کے دوران کچن، ریٹیل سیکشن اور قصائی خانے میں متعدد صحت عامہ کیلئے خطرناک صورتحال پائی گئی۔

حیدرآباد: فوڈ سیفٹی حکام نے موصولہ شکایت کی بنیاد پر Lulu Hypermarket میں اچانک معائنہ انجام دیا، جس کے دوران سپر مارکٹ کے مختلف شعبوں میں سنگین خلاف ورزیوں اور ناقص صفائی کے انکشافات سامنے آئے۔ حکام کی کارروائی کے دوران کچن، ریٹیل سیکشن اور قصائی خانے میں متعدد صحت عامہ کیلئے خطرناک صورتحال پائی گئی۔

متعلقہ خبریں
حیدرآباد میں جوس شاپس بے نقاب: گندگی، زنگ آلود اوزار اور بغیر لائسنس کاروبار

فوڈ سیفٹی عہدیداروں کے مطابق اندرونِ کچن صفائی کے ناقص انتظامات دیکھے گئے جبکہ فریج میں بچا ہوا اور باسی کھانا محفوظ رکھا گیا تھا، جسے حکام نے برسرِ موقع تلف کردیا۔ معائنہ کے دوران بعض غذائی اجناس میں کیڑوں کی موجودگی بھی پائی گئی جبکہ سڑی ہوئی سبزیاں بھی برآمد ہوئیں۔ مزید یہ کہ کئی پیک شدہ غذائی اشیاء ایسی پائی گئیں جن کی معیاد ختم ہونے کے قریب تھی اور ان پر پھٹے ہوئے یا گمراہ کن لیبل چسپاں تھے۔

ریٹیل ایریا کے معائنہ کے دوران بیسن، آٹا اور مختلف دالوں میں کیڑوں کی بھرمار دیکھی گئی۔ اسی طرح کئی پیک شدہ غذائی اشیاء پر ایکسپائرڈ ایف ایس ایس اے آئی (FSSAI) لائسنس درج پایا گیا۔ حکام نے لیبلنگ اور ڈسپلے سے متعلق متعدد خلاف ورزیوں کی بھی نشاندہی کی، جن میں غذائی معلومات، ایف ایس ایس اے آئی لائسنس کی تفصیلات اور مینوفیکچرر کے پتہ کی عدم موجودگی شامل ہے۔

قصائی خانے کی صورتحال بھی انتہائی تشویشناک پائی گئی۔ حکام کے مطابق گوشت کے فضلے کی وجہ سے نالیاں بند تھیں اور وہاں سے شدید تعفن اٹھ رہا تھا، جو عوامی صحت کیلئے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔

فوڈ سیفٹی حکام نے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 150 کلو غذائی اشیاء ضبط یا تلف کردیں، جن میں مٹھائیاں، تیل، آٹا اور دالیں شامل ہیں۔ یہ تمام اشیاء یا تو کیڑوں سے متاثر تھیں یا انسانی استعمال کیلئے غیر محفوظ قرار دی گئیں۔ علاوہ ازیں ملاوٹ، مصنوعی رنگوں کے استعمال اور کیڑوں سے متاثر بیسن کے شبہ میں مختلف غذائی نمونے حاصل کرکے لیبارٹری روانہ کردیئے گئے تاکہ تفصیلی جانچ کی جاسکے۔

حکام نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سپر مارکٹس، ریٹیل دکانوں، بیکریوں اور ہوٹلوں سے غذائی اشیاء خریدتے وقت حد درجہ احتیاط برتیں اور اشیاء کی معیاد، صفائی اور لیبلنگ کا خاص طور پر جائزہ لیں۔