لندن میں ہندوستانی ہائی کمیشن پرحملہ کا فوٹیج جاری
لندن میں خالصتان کے حامیوں کی جانب سے ہندوستانی ہائی کمیشن پرحملہ کاتازہ اپڈیٹ جاری کرتے ہوئے قومی تحقیقاتی ایجنسی نے پیر کے روز5 سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کئے اوراشرار کی نشاندہی کیلئے عوام سے مدد طلب کی۔

نئی دہلی: لندن میں خالصتان کے حامیوں کی جانب سے ہندوستانی ہائی کمیشن پرحملہ کاتازہ اپڈیٹ جاری کرتے ہوئے قومی تحقیقاتی ایجنسی نے پیر کے روز5 سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کئے اوراشرار کی نشاندہی کیلئے عوام سے مدد طلب کی۔
ہندوستانی سفارت خانہ پر 19مارچ کوحملہ ہواتھا۔ این آئی اے نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ قومی تحقیقاتی ایجنسی عوام سے درخواست کرتی ہے کہ وہ عوامی تحفظ کے مفادمیں فوٹیج میں نظرآنے والے افراد کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔
واٹس ایپ نمبر917290009373پر معلومات فراہم کی جاسکتی ہیں۔ مخبرکی شناخت کو راز میں رکھاجائے گا۔
دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے19مارچ کولندن میں ہندوستانی ہائی کمیشن پر مبینہ موافق خالصتان جہدکاروں کی جانب سے کئے گئے احتجاج کے سلسلہ میں ایک ایف آئی آر19مارچ کودرج کی تھی۔مذکورہ احتجاج کے دوران ہائی کمیشن کے احاطہ سے ترنگاکواتاردیاگیاتھا۔
مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے دہلی پولیس کوقانونی کاروائی کی ہدایت دیئے جانے کے بعد این آئی اے نے اس کیس کاجائزہ لیاتھا۔