سابق ڈی جی پی مہندر ریڈی، صدرنشین ٹی ایس پی ایس سی مقرر
حکومت تلنگانہ نے جمعرات کے روز سابق ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) ایم مہندر ریڈی کو تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن (ٹی ایس پی ایس سی) کا نیا صدرنشین مقرر کیا ہے۔
حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے جمعرات کے روز سابق ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) ایم مہندر ریڈی کو تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن (ٹی ایس پی ایس سی) کا نیا صدرنشین مقرر کیا ہے۔
ریاستی گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے آج مہندر ریڈی کے تقرر کو منظوری دے دی ہے۔ پولیس کے سابق سربراہ کا تقرر، نئی ریاستی حکومت کے ٹی ایس پی ایس سی کو از سر نو تشکیل دینے کا ایک حصہ ہے۔
گذشتہ سال مسابقتی امتحان کے سوالیہ پرچہ کا افشا، ریکروٹمنٹ امتحانات کا بار بار التوا اور نتائج کی منسوخی کے بعد کانگریس حکومت نے پبلک سرویس کمیشن کو از سر نو تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔
ریاست میں کانگریس کے برسراقتدار آنے کے بعد آئی اے ایس آفیسر جناردھن ریڈی نے صدرنشین ٹی ایس پی ایس سی کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ حکومت نے کمیشن کے صدرنشین اور ارکان کے تقرر کیلئے اہل امیدواروں سے آن لائن درخواستیں طلب کی تھیں۔
صرف صدرنشین کے عہدہ کیلئے50سے زائد درخواستیں وصول ہوئی تھیں۔ ان میں سے حکومت نے ایم مہندر ریڈی کو صدرنشین کے عہدہ کیلئے منتخب کیا اور اس عہدہ پر ریڈی کا تقرر کرتے ہوئے منظوری کیلئے گورنر کے پاس بھیجا تھا جہاں گورنر صدرنشین پبلک سرویس کمیشن کے عہدہ کیلئے ایم مہندر ریڈی کے تقرر کو منظوری دے دی۔
1986 کے آئی پی ایس بیاچ کے مہندر ریڈی کو2017 میں تلنگانہ کا ڈی جی پی بنایا گیا تھا۔ وہ ڈی جی پی کے عہدہ سے10 جنوری 2022 کو وظیفہ پر سبکدوش ہوگئے۔