ملایشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق مابقی سزا اپنے بنگلہ میں کاٹیں گے
نجیب رزاق کی سیاسی جماعت نے شاہی معافی کی شرط کے مطابق 50 ملین رنگٹ جرمانہ ادا کردیا، اگست 2028 تک بنگلہ میں نظر بندی رہے گی، دوسرے کرپشن کیس میں 15 سال کی سزا کے خلاف اپیل زیر عمل
کوالالمپور (اے پی)ملایشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق جیل سے نکل کر اپنی مابقی سزا اپنے بنگلہ میں کاٹنے والے ہیں۔اُن کی سیاسی جماعت نے جمعہ کے دن50ملین رنگٹ(12.3ملین امریکی ڈالر) کا جرمانہ ادا کردیا۔
شاہی معافی کی شرط کے طور پر یہ جرمانہ ادا کرنا ضروری تھا۔73سالہ نجیب رزاق اگست 2022 سے جیل میں بند ہیں۔ ملایشیا کی سپریم کورٹ نے سرکاری سرمایہ کاری فنڈ1ایم ڈی بی نے کئی بلین ڈالر کی لوٹ مار سے جڑے پہلے کیس میں اُن کی سزا کو برقرار رکھا تھا۔
ملایشیا کے شاہ نے ستمبر میں اُنہیں ایسی معافی دی جو عام طور پر نہیں دی جاتی۔اُنہیں اجازت دی گئی کہ وہ اپنی مابقی سزا اپنے بنگلہ میں نظر بند رہ کر کاٹ سکیں گے۔ جرمانہ کی ادائیگی کے بعد وہ اگست2028 میں رہا ہوجائیں گے۔
یہ نظر بندی پہلے کیس میں 6سال کی سزا پر ہی لاگو ہوگی۔ انہیں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے دوسرے کیس میں 15 سال کی جیل کی سزا دسمبر2025میں سنائی گئی تھی۔وہ اس سزا کے خلاف اپیل دائر کررہے ہیں۔
یونائیٹڈ ملے نیشنل آرگنائزیشن کے سکریٹری جنرل اشرف واجد دوسوکی نے ایک بیان میں کہا کہ اُن کی پارٹی نے نجیب کیلئے چندہ جمع کیا۔ پارٹی نے آج صبح ہائی کورٹ میں جرمانہ کی رقم جمع کرادی۔
نجیب کو جیل سے اُن کے بنگلہ میں کب منتقل کیا جائے گا اس کا وقت واضح نہیں ہے۔ جمعہ کی صبح کوالالمپور میں نجیب کے بنگلہ کے سامنے پولیس تعینات کردی گئی تھی۔ اُن کے بنگلہ کی طرف جانے والی سڑک کو بند کردیا گیا تھا۔